آرٹس کونسل میں عمر شریف کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، مقررین کا خراجِ عقیدت

عمر کے جانے کی یہ عمر نہیں تھی وہ بہت جلدی چلے گئے، وہ دیواریں توڑ کر اس شعبے میں داخل ہوا تھا‘محمد احمد شاہ

پیر 18 اکتوبر 2021 10:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے لیجنڈ اداکار عمر شریف کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں عمر شریف کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس فلم میں بھارتی اداکار رضا مراد، انوپم کھیر، اکشے کمار، راجو شیر واستو، گلوکار دلیر مہدی، ریماخان اور زیبا علی نے عمر شریف کی یادیں تازہ کیں۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں اتنی بڑی تعداد میں عمر سے محبت کرنے والے لوگ یہاں موجود ہیں، عمر شریف بہت بڑا فنکار تھا، آرٹس کونسل عمر کا گھر ہے، میری عمر شریف سے دوستی 40 سال پرانی تھی، الیکشن کی وجہ سے بھی ہماری دوستی پر کوئی اثر نہیں پڑا، عمر شریف وہ فنکار تھا جس نے بنا ٹی وی فلم کے وہ شہرت حاصل کی جو کسی کو نہ نصیب ہوئی، ان کے فن کی قدر سرحد پار تک تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمر کے جانے کی یہ عمر نہیں تھی وہ بہت جلدی چلے گئے، وہ دیواریں توڑ کر اس شعبے میں داخل ہوا تھا، آرٹس کونسل کے ایک گوشے میں عمر شریف کی تمام تصاویر، کیسٹس، اور اس کی فلم کے پوسٹرز رکھے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معین اختر اور عمر شریف کے جانے کے بعد جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ کبھی بھرا نہیں جاسکتا، آرٹس کونسل ایک تھیٹر فیسٹیول کرے گا، جو عمر شریف کو خراجِ عقیدت پیش کرے گا، تھیٹر فیسٹیول میں پیش کیے جانے والے تمام ڈرامے عمر شریف کے نام ہوں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں