عوام بگ تھری سے مایوس ہو چکے ہیں:جسٹس(ر)وجیہہ الدین

عام لوگ اتحاد اور پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنمائوں کی ملاقات، اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 22 اکتوبر 2021 16:43

عوام بگ تھری سے مایوس ہو چکے ہیں:جسٹس(ر)وجیہہ الدین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) عالم لوگ اتحاد کے بانی چیئرمین جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطا ف شکور نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ نظام بدلنے کے لئے نئے اتحاد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے عوام بگ تھری سے مایوس ہو چکے ہیں۔غریب اور ایمان دار لوگوں کے لئے سیاست میں آنا ناممکن ہو گیا ہے۔

پاکستان پر عوام کے نمائندے حکومت نہیں کرر ہے ہیں۔ متناسب نمائندگی کانظام پاکستان کے لئے زیادہ بہتر ہے۔ عام لوگوں کو فوری ریلیف پہنچانے کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں کو بگ تھری کے خلاف یکجا ہونا پڑے گا۔ بگ تھری نے باری لیتے لیتے پاکستان کو تباہی کے گڑھے میں دھکیل دیاہے۔قوم کے منتخب حکمران اب تک یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ وہ اپنے وعدوں کے مطابق ہماری دنیا بدلنے کا آغاز کب کریں گے یا یونہی یو ٹرن لیتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

چند ایک کو چھوڑ کروہی غلط لوگ ہم پر مسلط ہیں جو آزمائے ہوئے ہیں اور جن کی وجہ سے ابھی تک کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی۔ قوم ابھی تک ایک بہتر اور عوام دوست پالیسیوں کی منتظر ہے تاکہ دو وقت کی روٹی آسانی سے کما سکیں۔جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور الطاف شکورملکی حالات اور بہتری کے لئے کی جانے والی ایک ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔اس موقعہ پر عام لوگ اتحاد کے چیئرمین رحمت خان وزیر،جنرل سیکریٹری اعجاز عثمانی،ڈاکٹر امجد، جاوید بخاری ایڈووکیٹ، کراچی کے صدرعامر ضیاء کراچی کے صدر، پاسبان کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی ، وائس چیئرمین اعظم منہاس، وائس چیئرمین پولیٹیکل افیئرز سہیل یعقوب،کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ملاقات میں رہنمائوں نے حالات میں بہتری کے لئے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری لیڈروں و اداروں کی ناکامی، ملک کو اندھیرے گڑھے کی طرف دھکیل رہی ہے۔حکومت ابھی تک کوئی ایسا کرشمہ نہیں دکھا سکی ،کرشمہ کیا وہ تو اب تک اپنی کارکردگی بھی نہیں دکھا سکی کہ جس کی وہ دعویدار تھی۔ طاقتورلوگ مل کر مافیا کی طرح ملک و قوم پر مسلط ہیں۔ عوام ایک ایسی طاقت ہے جنہوں نے اپنے گونا گوں مسائل کے حل کے لیے ووٹ دیے تھے ۔

مسائل پیدا کرنے والوں کو مسترد کر دیا تھا۔ عوام چاہیں تو اپنے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے حکومت کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں لیکن ان کو گھروں سے نکالنے کے لیے کسی لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے جو فی الحال دستیاب نہیں ہے۔ پاسبان اور عام لوگ اتحاد مل کر پاکستانی قوم کو وہ قیادت اور رہنمائی فراہم کریں گے۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کوموروثی سیاست سے نجات دلانی ہوگی۔عوام کو متحد کر کے ظلم کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنا ہو گی۔ متحد ہو کر اسمبلیوں کے اندر سے ان ظالموں کو نکال باہر کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں