پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی کی لہر آئے گی، سید قاسم نوید قمر

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 15:15

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی کی لہر آئے گی، سید قاسم نوید قمر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس کے تحت میرپورخاص دو رویہ سڑک منصوبہ، سر آغا خان جھرک-ملان کاتیار پل منصوبہ، کراچی-ٹھٹھہ دو رویہ سڑک گھوٹکی-کندھ کوٹ پل اور اب ایم 9لنک روڈتعمیرکررہے ہیں یہ تمام منصوبے سندھ حکومت کے بہترین منصوبے ہیں۔

ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے عوام بہت نمایاں اور مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس کے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گھوٹکی کندھ کوٹ برج منصوبہ 14 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہا ہے اور یہ 2 کلومیٹر چار رویہ پل ہے، پل کے ساتھ 12.8 کلومیٹر اپروچ روڈ گھوٹکی کی سائیڈ پر تعمیر ہو رہا ہے جبکہ 15.2 کلومیٹر روڈ کندھ کوٹ سائیڈ سے روڈ بن رہا ہے اور قوی امید ہے کہ مذکورہ پل اور سڑکیں جولائی 2023 تک تعمیر ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

ان سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف فاصلے کم ہوں گے بلکہ علاقے میں تجارتی ترقی کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے افسران پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے اور ان سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے متعلقہ علاقوں میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع مہیا ہوں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں