اقراء یونیورسٹی پہلی نجی نیشنل اسپورٹس اکیڈمی قائم کریگی،حنید لاکھانی

چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے اقرا یونیورسٹی کے اسپورٹس کانفرنس کو سراہا

اتوار 24 اکتوبر 2021 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) اقرا ء یونیورسٹی نے طلبہ کو کھیلوں کے وظائف دینے اور نارتھ کراچی کیمپس میں پہلی نجی نیشنل اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کردیا جبکہ چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے ہم نصابی سرگرمیوں خصوصاً کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مقابلوں میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔

اقراء یونیورسٹی کے زیرِاہتمام ز فزیکل ایجوکیشن ،صحت اور اسپورٹس کانفرنس کا انعقاد اقرا یونیورسٹی کراچی کیمپس میں کیا گیا تھا۔کانفرنس میں اقرا یونیورسٹی کے بانی اورچانسلر حنید لاکھانی ، وائس چانسلر اور صدر اقرا یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی ، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ ، اور ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ نصر اللہ رانا نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر اور صدر اقرا یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی نے تقریب کے دوران حاضرین کو کھیلوں کے فروغ کے لیے اقرا یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کے ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اقرا یونیورسٹی پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جو اس درجے کی نیشنل اسپورٹس اکیڈمی قائم کر رہی ہے ، جہاں مختلف کھیلوں کے لیے بین الاقوامی کوچز ہوں گے۔

اقراء یونیورسٹی طلباء کو کھیلوں کے وظائف دے گی اور اپنے نارتھ کراچی کیمپس میں پہلی نجی نیشنل اسپورٹس اکیڈمی قائم کرے گی۔اس ضمن میں ہم ایک اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے جا رہے ہیں جو تعلیم ، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ساتھ کھیل کو مربوط کرتی ہے۔ اقرا یونیورسٹی ہر کھیل کے لیے پانچ وظائف فراہم کرے گی۔ ہم کرکٹ اور دیگر کھیلوں کو یکساں اہمیت دیں گے۔

اقرا یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں جدید ترین کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ قائم کیا جائے گا۔وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نوجوان عثمان ڈار نے اقرا یونیورسٹی کو نیشنل یوتھ اولمپکس کے لیے برانڈنگ کرنے کی ذمہ داری دی ہے اور مشعل تھامنے کی تقریب کی میزبانی بھی اقرا یونیورسٹی کرے گی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے بتایا کہ اقرا یونیورسٹی کے ہونہار طلبا نے کھیلوں کے میدان میں 300سونے کے تمغے جیتے ہیں جن میں 264 میڈلز طالبات نے اور35 طلبہ نے جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا اسپورٹس اکیڈمی کے ہر کھیل میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پانچ پانچ طلبا کوان کی حوصلہ افزائی کے لیے حیند لاکھانی کی جانب سے اسکالر شپ بھی دی جائے گی۔ چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے جسمانی تعلیم ، صحت اور کھیلوں پر پہلی قومی کھیلوں کی کانفرنس کے انعقاد میں اقرا یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہااور کہا کہ اقرا یونیورسٹی نے اپنے آغاز سے ہی ہمیشہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی ہم نصابی سرگرمیوں خصوصاً کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں