مہنگائی کا طوفان حکومت کو بہالے جائیگا، زاہد اعوان

حالات کا رخ دیکھ کر اتحادی بھی حکومتی کشتی سے چھلانگ لگانے کی سوچ رہے ہیں‘بات چیت

اتوار 24 اکتوبر 2021 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) سماجی اور تاجر رہنماء زاہد اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں ہونیوالی ہوشرباء مہنگائی کا طوفان حکومت کو بہالے جائیگا، ہوائوں کا رخ بدل چکا ہے اور حالات کو دیکھ کر اتحادی بھی حکومتی کشتی سے چھلانگ لگانے کی سوچ رہے ہیں،انتخابات کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی عمائدین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

زاہد اعوان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان سے زیادہ بہترین ماحول کسی حکمران کو نہیں ملا لیکن اپنے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے عمران خان نے پورے ملک کو عدم استحکام کی آگ میں جھونک دیا ہے۔ حکومت اور ملٹری قیادت کے تعلقات ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملے پر کشیدہ ہوچکے ہیں اور ایسے میں عمران خان کا ملک چھوڑ کر سعودیہ چلے جانا کئی چیزوں کی طرف اشارہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی تاریخ کی تمام حدوں کو پیچھے چھوڑ چکی ہے اور حکومت ہوشرباء مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اگر آئی ایم ایف کی شرائط مان لی جاتی ہیں تو مہنگائی کا نیا طوفا ن آئیگا جو حکومت کو اپنے ساتھ بہالے جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حالات تشویشناک حد تک بگڑ چکے ہیں اسی لئے ایم کیوایم نے حکومت اتحاد چھوڑنے پر غور شروع کردیا ہے اور ایم کیوایم کی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کو صرف ایک جھٹکا لگے گا اور حکومت ختم ہوجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سڑکوں پر نکل چکی ہے اور عوام سیاسی نعروں سے مرغوب ہوکر نہیں بلکہ حکومت سے پریشان ہوکر سڑکوں پر آئے ہیں اور جلد ملک میں تبدیلی اور انتخابات کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں