ملکی سا لمیت و بقاء اور امن کی گتھیوں کو سلجھانے میں پاکستان کی عسکری قیادت اور عدلیہ نے اہم کردار ادا کیا ہے ، حافظ عبدالرحمن سلفی

اتوار 24 اکتوبر 2021 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) ملکی سا لمیت و بقاء اور امن کی گتھیوں کو سلجھانے میں پاکستان کی عسکری قیادت اور عدلیہ نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ لیکن پاکستان کے نوجوان جو قوم و ملت کے پاسبان اور ہر ملک کا ہراول دستہ ہوا کرتے ہیں ان کے حوالہ سے امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان مولانا حافظ عبدالرحمن سلفی نے ائمہ کرام اور خطباء کرام کے خصوصی اجلاس میں پاکستانی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 22کروڑ عوام اور خصوصاً نوجوانوں کو اگر نبی آخر الزماں ؐ کے اخلاق حسنہ، انکے خصائل و شمائل اور دنیا کے تمام انقلابات سے عظیم تر محمدی ؐ انقلاب سے آگاہی فراہم کرنی ہے تو پاکستان کے وزیر اعظم ، صدر پاکستان ، پاکستان کی عسکری قیادت اور عدلیہ کو بیک زبان ہو کر یہ فیصلہ کرنا ہوگا اور محمد عربی ؐ کی ’’ سیرت طیبہ‘‘ سے آگاہی کیلئے اور نئی نسل کی ذہن سازی کیلئے پاکستان کے چاروں صوبوں میں ’’ رحمت للعالمین اکیڈمی‘‘ سینٹرز کا قیام عمل میں لانا ہوگا ۔

(جاری ہے)

تاکہ ان سینٹر ز میں پاکستان کے نوجوانوں ، طالبات اور خواتین و حضرات کو سیرت طیبہ کے ان روشن پہلوئوں سے آگاہ کیا جائے جن سے وہ اب تک نا آشنا تھے ۔ مولانا سلفی نے کہا کہ قرآن و حدیث کے بعد سیرت النبی ؐ پر لکھی گئی 3000سے زائد کتابوں میں آپ ؐ کی شخصیت کے بصیرت افروز ارشادات کو جمع کیا گیا ہے۔ جنکے بغور مطالعہ اور دینی ریسرچ سے ہم شعور آگہی کے حقیقی دائرہ میں جمع ہو سکتے ہیں اور ہمارے ملک کی نوجوان قیادت انٹرنیٹ کی پراگندہ مغربی تہذیب کو خیرباد کہنے پر مجبور ہو سکتی ہے۔

اور ہمیں من حیث القوم انفرادی اور اجتماعی طور پر محمد ؐ ، خلفائے راشدین ، صحابہ کرامؓ اور جرات و شجاعت کی پیکر صحابیات کو اپنی زندگی کا رول ماڈل بنانا ہوگا ۔ تب ہی ہماری نوجوان قیادت ملک کی سرحدوں اور اسلامی نظریاتی سرحدوں کے امین، گوہر نایاب اور ملک کی محافظ بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں