کراچی میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ اپنی مرضی سے بنوائے جانے کا انکشاف

شہریوں نے تین افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 اکتوبر 2021 11:16

کراچی میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ اپنی مرضی سے بنوائے جانے کا انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 اکتوبر 2021ء) : کورونا وائرس کی شدت میں بتدریج کمی تو دیکھنے میں آئی ہے لیکن کورونا ٹیسٹ کے جعلی نتائج بنانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ شہر قائد میں کورونا ٹیسٹ کے جعلی نتائج بنانے والوں کو شہریوں نے دھر لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق راچی میں شہریوں نے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ اپنی مرضی سے منفی کرانے والے تین افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

بیرون ملک جانے والے شہریوں کی جانب سے بغیر ٹیسٹ نتیجہ منفی کرنے کا انکشاف ہوا ہے اور اس کام میں ملوث تین ملزمان کو پکڑا بھی گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جن 3 ملزمان کو پکڑا گیا ان میں ایک لیب ٹیسٹنگ کمپنی کا موجودہ ملازم اور دیگر دو ملزمان ٹیسٹنگ لیب کے سابق ملازمین ہیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ اس کام میں ملوث مزید دو ملزمان فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے کئی شہروں میں کورونا ٹیسٹ کے جعلی نتائج اور ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کا معاملے سامنے آیا تھا جس میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی تھیں۔ دوسری جانب گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 392 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 69 ہزار 806 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 572 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 39 ہزار 307، سندھ میں 4 لاکھ 68 ہزار 164، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 77 ہزار 553، بلوچستان میں 33 ہزار 204، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 386، اسلام آباد میں ایک لاکھ 6 ہزار 749 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 443 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 5 لاکھ 72 ہزار 249 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 96 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 17 ہزار 218 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 28 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں