سعودی امداد کے بعد 2 روز کے دوران ڈالر 3 روپے سستا ہو گیا

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 52 پیسے کمی،ڈالر 172 روپے 26 پیسے کا ہو گیا

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعرات 28 اکتوبر 2021 15:50

سعودی امداد کے بعد  2 روز کے دوران ڈالر 3 روپے سستا ہو گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2021ء) : سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معاشی مدد کے بعد پاکستان میں ڈالر کی قیمت نیچے آنے لگی ہے۔سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو دئے جانے والے امدادی فنڈ کے بعد آج مسلسل دوسرے دور ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔2 روز کے دوران ڈالر 3 روپے سے زائد سستا ہو گیا۔آج بھی انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 52 پیسے کمی ہوئی ہے۔

انٹربینک میں ڈالر 172 روپے 26 پیسے پر بند ہوا۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ تین سال قبل جب عمران خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھایا تو اس وقت ڈالر کی قیمت 123 روپے تھی اور دو روز قبل ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 175 روپے تک پہنچ گیا تھا۔ یال رہے کہ دو روز قبل سعودی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے کے ساتھ ساتھ 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی پر آئل فیسلٹی کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ادائیگیوں میں توازن کے معاملے پر پاکستان کی مدد کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فنڈفار ڈیویلپمنٹ نے جذبہ خیرسگالی کے اظہار کے طور پر سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ رکھنے کا اعلان کیا جس کا مقصدغیر ملکی ذر مبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے پاکستان کی حکومت کو معاونت فراہم کرنا اور کورونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نمٹنا ہے ۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سٹیٹ بینک کے یہ ڈیپازٹ موخر ادائیگی پر اس سال کے دوران 1.2 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات کی آئل فیسلٹی کے علاوہ ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے نے مزید کہا کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت یہ اقدام سعودی حکومت کی طرف سے پاکستانی معیشت کی معاونت کے مستقل موقف کا اظہار ہے۔سعودی حکومت کی طرف سے یہ اعلان دنیا بھر میں اشیاء کے نرخوں میں اضافے کے نتیجہ میں پاکستان کے غیر ملکی ذر مبادلہ کے ذخائر پر بڑھ جانے والے دباؤ کو کم کرے گا ۔

کراچی شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments