کراچی میں پہلے ڈرائیو ان سینما کا افتتاح کر دیا گیا

اوپن ائیر سنیما میں ایک گاڑی کا ٹکٹ ہزار روپے رکھا گیا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 27 نومبر 2021 12:25

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 نومبر 2021ء) : کراچی میں پہلے ڈرائیو اِن سنیما کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے زیر انتظام اہل کراچی کے لیے پہلے ڈرائیو اِن سنیما کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ سن سیٹ سینما کا افتتاح ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کیا اور بتایا کہ اوپن ائیر سنیما میں ایک گاڑی کا ٹکٹ ہزار روپے رکھا گیا ہے، سنیما میں شام ساڑھے 6 سے رات ایک بجے تک تین شو چلیں گے اور ہال میں بیک وقت ڈیڑھ سوگاڑیاں آسکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سن سیٹ سنیما کی افتتاحی تقریب میں شہری اپنی فیملیز کے ساتھ آئے اورفری ٹکٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی اسکرین سے خوب محظوظ ہوئے۔ یہی نہیں فوڈ کورٹ میں دستیاب ذائقے دار کھانوں نے بھی شہریوں کی خوب توجہ حاصل کی جہاں شہری نہ صرف کھانے سے لطف اندوز ہوئے بلکہ سیلفیز بھی بناتے رہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ڈرائیو-اِن سینما میں کھلے میدان میں بڑی اسکرین نصب کی جاتی ہے جب کہ اسکرین دیکھنے والے افراد اپنی گاڑیوں میں ہی موجود رہتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے ذریعے گاڑیوں میں بیٹھے افراد وہیں پر اپنی گاڑیوں کے اسپیکرز میں فلم کی آواز سنتے ہیں جب کہ تصویر کے لیے انہیں اسکرین کی جانب دیکھنا پڑتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا پہلا ڈرائیو-اِن سینما 18 دسمبر 2020ء سے کھولا گیا تھا۔ اس ڈرائیو ان سینما کا افتتاح وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کیا تھا۔ ڈرائیو-اِن سینما کے افتتاح کے موقع پر وزیر داخلہ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سینما کا ٹکٹ کو ایک ہزار روپے سے کم کرکے 50 روپے تک لے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار روپے بہت زیادہ ہیں، اس لیے وہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) حکام کو بطور وزیر داخلہ حکم دے رہے ہیں کہ ٹکٹ 50 روپے تک کردی جائے۔ انہوں نے ڈرائیو-اِن سینما کھولے جانے پر سی ڈی اے چیئرمین کی تعریف بھی کی اور کہا کہ مزید ایسے انتظامات کیے جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں