پاکستانی ائیرلائنز سے یورپ کیلئے پروازوں پر عائد پابندی ختم ہونے کی امید

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی 9 رکنی آڈٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی‘ سیفٹی آڈٹ میں کامیابی پر قومی ائیر لائن پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائیر لائنز پر سے یورپ کیلئے پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 نومبر 2021 15:19

پاکستانی ائیرلائنز سے یورپ کیلئے پروازوں پر عائد پابندی ختم ہونے کی امید
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2021ء ) پاکستانی ائیرلائنز سے یورپ کیلئے پروازوں پر عائد پابندی ختم ہونے کی امید پیدا ہوگئی ، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی آڈٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ، سیفٹی آڈٹ میں کامیابی کی صورت میں قومی ائیر لائن پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائیر لائنز پر سے یورپ کیلئے پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی 9 رکنی آڈٹ ٹیم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیفٹی آڈٹ کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے ، آڈٹ ٹیم کی سربراہی مسٹر جونجیان کررہے ہیں ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی آڈٹ ٹیم کو پری آڈٹ بریفنگ دی۔ جیو نیوز نے ایک رپورٹ میں سول ایوی ایشن ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہوابازی کے عالمی ادارے کی ٹیم پاکستان سی اے اے کے لائسنسنگ ، ایروڈروم اور فلائٹ اسٹینڈرڈ شعبوں کا آڈٹ کرے گی ، اس دوران فلائٹ سیفٹی سمیت ائیر ٹریفک کنٹرول کے شعبوں کا بھی دورہ کیا جائے گا ، اس مقصد کے لیے آڈٹ ٹیم کراچی کے جناح انٹرنشنل ائیرپورٹ ، نیو اسلام آباد ائیرپورٹ اورعلامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کا جائزہ لے گی ، آڈٹ ٹیم طیارہ حادثات کی تحقیقات کرنے والے ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کا دورہ بھی کرے گی۔

(جاری ہے)

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ آڈٹ ٹیم 10 دسمبر تک پاکستان سی اے اے کا سیفٹی آڈٹ کرے گی ، اس مقصد کے لیے آڈٹ ٹیم پی آئی اے کے اسلام آباد اور کراچی کے دفاتر کا بھی دورہ کرے گی ، اس دوران پی آئی اے کی فلائٹ سیفٹی مانیٹرنگ کی سہولیات اور شعبہ انجینئرنگ کا جائزہ لیا جائے گا ، آڈٹ ٹیم نجی ائی لائن سیرین ائیرکے شعبہ انجینئرنگ کا بھی دورہ کرے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں