نوکری ڈھونڈنے والا نہیں،دینے والا بنئے،چانسلر/گورنرسندھ

فارغ التحصیل طلبا جامعہ کی بہتری میں کردادا کرتے رہیں،، وزیر اعلی سندھ 18پی ایچ ڈی ڈگری دینے والی ہم ملک پہلی انجینئرنگ جامعہ ہیں،شیخ الجامعہ این ای ڈی

اتوار 28 نومبر 2021 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) نوکری ڈھونڈنے والا نہیں،دینے والا بنئے، جامعہ این ای ڈی اورا س کا تھر کیمپس بہترین کام کررہا ہے،فارغ التحصیل طلبا جامعہ کی بہتری میں کردادا کرتے رہیں،25 سے زائد پبلک سیکٹر جامعات، سستی اعلی تعلیم سندھ حکومت کی تعلیم سے دوستی کا ثبوت ہے،یومِ تقسیم اسناد، والدین کی محنت کے نتیجے کا دن ہوتا ہے، 18 پی ایچ ڈی ڈگری دینے والی ہم ملک پہلی انجینئرنگ جامعہ ہیں،ادارے سے وابستہ اور سابقہ ہر فرد کا شکریہ جنہوں نے سو برس جامعہ این ای ڈی کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا،ان خیالات کا اظہارچانسلر/ گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، پرو چانسلر جامعات اسماعیل راہو اور شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے جامعہ این ای ڈی کے تحت تیسویں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد2021 میں کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گورنر/ چانسلر جامعات عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جامعہ این ای ڈی اورا س کا تھر کیمپس بہترین کام کررہا ہے۔جامعہ این ای ڈی ملک کی عظیم جامعات میں سے ایک ہے جو کہ ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کررہی ہے۔ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے ذریعے دنیا سے مقابلہ کیا جاتا ہے لیکن آج کا دور انٹر پرنوشپ کا دور ہے جامعہ این ای ڈی اس حوالے سے بھی اہم مقام رکھتی ہے۔

وزریراعظم کو نوجوانوں سے بہت امیدیں ہیں، ہمارے وزیر اعظم کا کامیاب جوان پروگرام کا مقصد بھی اپنے نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ نوکری ڈھونڈنے کے بجائے نوکری دینے والے بن جائیں۔یہ بات قابلِ فخر ہے کہ آپ سو برس سے انجینئرز تخلیق کرنے والی ملک کی مایہ ناز یونی ورسٹی سے پاس آٹ ہورہے ہیں،جو انجینئرنگ کی دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔

آپ کا مستقبل،آپ کے ملک و قوم کا مستقبل ہے، خود کومحدود نہ کریں بلکہ مختلف آپشنزخود پر کھلے رکھیے تاکہ کامیابی آپ کے قدم چومے۔اعزازی مہمان کی حیثیت سے وزیر اعلی سندھ سید مراعلی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ نے یونی ورسٹیز ایکٹ منظور کیا جس کے بعد اب سندھ میں 25سے زائد پبلک سیکٹر جامعات ہیں، صوبہ سندھ نے اعلی تعلیم سستی کی جو کہ پوری دنیا میں مہنگی ہوتی ہے، یہ اقدامات سندھ حکومت کے تعلیم کی بہتری کی جانب بہترین اقدامات میں سے ہیں۔

بحیثیت طالب علم، انسان تمام زندگی اپنی جامعہ سے وابستہ رہتا ہے، این ای ڈی یونی ورسٹی 100 برس سے پیشہ وارانہ تعلیم دے رہی ہے توآپ پر فرض ہے کہ آپ المنائی کی حیثیت سے اپنی جامعہ کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتے رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں جن کی سربراہی میں جامعہ ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے پرو چانسلر جامعات اسماعیل راہو کا کہناتھا کہ یومِ تقسیمِ اسناد دراصل والدین کی محنت کے نتائج کا دن ہوتا ہے۔جامعہ ترجمان کے مطابق این ای ڈی یونی ورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد2021 کی ماسٹرز کی نشست کی ِصدارت چانسلر/گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جب کہ رکن قومی اسمبلی و چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر نجیب ہارون، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے بھی کانووکیشن سے خطاب کیا۔

وریزاعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بیچلرز کی نشست میں بحیثیت اعزازی مہمان شرکت کی جب کہ پروچانسلر جامعات اسماعیل راہونے نشست کی صدارت کی۔ اس موقعے پر داد ہرکولیس کارپوریشن کے چیئرمین حسین داد نے بھی کانووکیشن سے خطاب کیا۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ جامعہ این ای ڈی کو اس سال سو برس مکمل ہوئے ہیں،اس موقعے پر یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ اس برس18 پی ایچ ڈی ڈگری دینے والی ہم ملک پہلی انجینئرنگ جامعہ ہیں۔

ا س موقعے پر اس ادارے سے وابستہ اور سابقہ ہر فرد کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے ادارے کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا۔مزید کہا کہ کووڈ کی وجہ سے دو نشستوں میں کانووکیشن کا انعقاد کرنا مجبوری تھی۔ اس جلسہ تقسیم اسناد 2021میں 18طالب علموں کو ڈاکٹریٹ کی سندتفویض کی گئی۔ 2021 کے پاس آٹ گریجویٹس 916اور ماسٹرزکے طالب علموں کی تعداد868ہے جب کہ کانوکیشن میں شریک طالب علموں کی تعداد قریبا 1560 رہی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں