سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک کے درمیان3 ارب ڈالر فراہمی کا معاہدہ

رقم سے اسٹیٹ بینک کے بیرونی ذخائر مستحکم ہوں گے، پاکستان کو کورونا وباء کے اثرات سے نکلنے میں بھی مدد ملے گی، گورنر رضا باقر اور سی ای او سعودی فنڈ نے معاہدے پر دستخط کیئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 29 نومبر 2021 16:48

سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک کے درمیان3 ارب ڈالر فراہمی کا معاہدہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 نومبر 2021ء) سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک کے درمیان معاہدہ ہوگیا ہے، معاہدے کے تحت سعودی فنڈ پاکستان کو3 ارب ڈالر کی فراہم کرے گا،رقم سے اسٹیٹ بینک کے بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوں گے، پاکستان کو کورونا وباء کے اثرات سے نکلنے میں بھی مدد ملے گی۔تفصیلات کے مطابق سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک کے درمیان معاہد ہ ہوا ہے ، معاہدے کے تحت سعودی فنڈ پاکستان کو3ارب ڈالر کی فراہم کرے گا۔

رقم اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بنے گی، معاہدے کی دستاویزات پر چیف ایگزیکٹوسعودی فنڈ ڈویلپمنٹ سلطان بن عبدالرحمان المرشداور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر نے دستخط کیے، معاہدے کے تحت سعودی فنڈ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو3ارب ڈالر کی فراہم کرے گا، جس کے بعد یہ رقم اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے بیرونی ذخائر کا حصہ بن جائے گی۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک میں رقم جمع ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے گی۔ سعودی عرب کی جانب سے یہ رقم پاکستان کے زرمبادلہ کے بیرونی ذخائر کو مستحکم کرنے کیلئے مدد کے طور پر فراہم کی گئی ہے۔ اس سے پاکستان کو کورونا وباء کے اثرات سے نکلنے میں بھی مدد ملے گی۔ پاکستان اور سعودعرب کے درمیان خطیر رقم فراہم کرنے کا معاہدہ دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ، پاکستان اور سعودی عرب مستقبل میں اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے بھی پرعزم ہیں۔

اس سے قبل وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے بھی کہا تھا کہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ جلد مل جائیں گے، حکام کے دستخط کے بعد سعودی عرب ڈیپازٹس اور ادھار تیل کی مد میں امداد جلد جاری کردے گا، حکام کی جانب سے دستخط بھجوائے جا رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں