دانتوں کی صحت کے لیے احتیاط سب سے اہم ہے ،ڈاکٹر عارف علوی

دانتوں کی صفائی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،

منگل 30 نومبر 2021 00:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دانتوں کی صحت کے لیے احتیاط سب سے اہم ہے ، دانتوں کی صفائی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، ڈینٹسٹس کو مالی فوائد کو ترجیح دینے کی بجائے معاشرے کی ضروریات اور عوام کی دانتوں کی صحت پر توجہ دینی چاہیے، مریضوں کے ساتھ دیانتداری سے پیش آنا صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ گورنر ہائوس میں علوی ڈینٹل اسپتال اور برنگنگ سمائلز انکارپوریشن امریکہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدرمملکت نے دونوں ہسپتالوں کے درمیان مفاہمت کے معاہدے کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ ایم او یو ملک میں عام لوگوں کے لیے سستی اور معیاری دندان سازی کو یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اس موقع پر علوی ڈینٹل ہسپتال کے آواب علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ راتوں رات شروع نہیں کیا گیا بلکہ اس کے لیے کافی محنت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت ملک بھر میں دندان سازی کے کلینک قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مستند ڈاکٹروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس معاہدے سے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے اور بہترین ڈاکٹر اس منصوبے میں شامل ہوں گے جو پاکستان میں سستی دندان سازی کو یقینی بنائیں گے۔برنگنگ سمائلز انکارپوریشن آف یو ایس اے کے ڈاکٹر انس اطہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں کثیر سرمایہ کاری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریبا 90 فیصد آبادی دانتوں کے کسی نہ کسی مسائل میں مبتلا ہے۔

یہ ایک بڑا چیلنج ہے اور دانتوں کی صفائی اور صحت کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ علوی ڈینٹل ہسپتال اور برنگنگ سمائلز انکارپوریشن یو ایس اے کے درمیان ایم او یو کے تحت گروپ کا نامInspire Dental Network (Pvt.) Ltd (IDN) رکھا گیا ہے۔آئی ڈی این پاکستان میں منہ کی صحت کی بہتری کے لیے کام کرے گا اور نوجوان دندان سازوں کو معیاری اور یکساں طریقہ کار کے ساتھ نگرانی میں اپنے کلینک قائم کرنے میں سہولت فراہم کرے گا جو حفظان صحت کے اعلی ترین معیارکے مطابق ہوں۔

آئی ڈی این پاکستان میں دندان سازی کے شعبے میں ملک کے مستحق تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کرنے کا وڑن رکھتا ہے۔ایم او یو پر علوی ڈینٹل ہسپتال کے اواب علوی اور برنگنگ سمائلز انکارپوریشن کے ڈاکٹر انس اطہر نے دستخط کیے جس کی صدر مملکت عارف علوی اور خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے مشاہدہ کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں