آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میڈیکل اینڈ سوشل ویلفیئر کمیٹی کے زیر اہتمام ”ڈینگی اور کرونا وائرس-بچائو کیسے؟ “ سمینار کا انعقاد

منگل 30 نومبر 2021 12:56

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میڈیکل اینڈ سوشل ویلفیئر کمیٹی کے زیر اہتمام ”ڈینگی اور کرونا وائرس-بچائو کیسے؟ “ سمینار کا انعقاد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2021ء) کرونا وبا اور ڈینگی وائرس سے آگاہی پھیلانے کے لئے کراچی آرٹس کونسل کی میڈیکل اینڈ سوشل ویلفیئر کمیٹی کے زیراہتمام سمینار کا انعقاد حسینہ معین ہال کراچی آرٹس کونسل میں کیا گیا، چیئرمین میڈیکل اینڈ سوشل ویلفیئر کمیٹی ڈاکٹر قیصر سجاد ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سیمی جمالی ،ایم ڈی، سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنو سٹک سینٹر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ ، ایڈمنسٹر یٹر پاک لینڈ اسپتال سلمان اسماعیل، ڈاکٹر سعدیہ عامر،ڈاکٹربینش اور ڈاکٹر محبوب نے اظہار خیال کیا ، اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سیمی جمالی نے کہا کہ کرونا ابھی کہیں نہیں گیا، WHOنے اسے وبا ڈکلیئر کرنے میں دیر کردی، ہم نے بار ہا اس بات کی آگاہی دی کہ اِسے متھ نہ سمجھا جائے جس میں میڈیا نے بہت ساتھ دیا ،سیمی جمالی نے مزید کہا کہ اللہ نے چاہا تو پاکستان پولیو فری ملک ہوجائے گا، چیئرمین میڈیکل اینڈ سوشل ویلفیئر کمیٹی ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ ہمیں ڈر ہے کہ دسمبر کے آخری ہفتے میں کرونا کی پانچویں لہر کا خدشہ ہے ، ہم نے پہلے بھی حکومت کو کرونا وائرس سے متعلق بروقت آگاہ کردیا تھا ،آج کے سمینار کا مقصد عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل کراچی میں گزشتہ 6برس سے ممبرز کے لئے مفت کلینک کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں مریضوں کو ادویات کی فراہمی بھی مفت کی جاتی ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس اومی کرون کے بارے میں بھی بہت جلد تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا ، اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹر یٹر پاک لینڈ اسپتال سلمان اسماعیل نے کہا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ اس بات کی آگاہی ضرور پھیلائیں کہ بچوں کی ویکسین نہایت ضروری ہے ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ عوامی نمائندوں ،ماہر ڈاکٹرز اور صحافتی اراکین پر مبنی ایک ورکنگ گروپ بنایا جائے جو ہر صورت حال میں فوراََ کام کرے، انہوںنے مزید کہا کہ ہر چیز کے لئے حکومت کی طرف نہ دیکھا جائے ،سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنو سٹک سینٹر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے کہا کہ کرونا کی روک تھام کیلئے حکومتِ سندھ کے اقدامات قابل ستائش رہے، سمینار میں ڈاکٹر سعدیہ عامر،ڈاکٹربینش اور ڈاکٹر محبوب نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے مختلف تجاویز پیش کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں