پاکستانی فارما کمپنیوں سے افغانستان کو ادویات کی مفت ترسیل کا آغاز

پاکستانی فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے افغانستان کو ادویات کی مفت ترسیل کا آغاز کردیا افغانستان میں ادویات کے بحران اور انسانی المیے کو روکنا چاہتے ہیں، حکومت پاکستان پاک افغان بارڈر پر اسپتال بنانے بھی جارہی ہے، عاطف اقبال

ہفتہ 4 دسمبر 2021 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) افغانستان کے نئے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر آباد کی درخواست پر پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ادویات اور آلات افغانستان بھیجنا شروع کردیئے ہیں اور اس سلسلے میں ہفتہ کے روز کراچی سے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی ادویات لے کر 2 کنٹینر اسلام آباد روانہ ہوئے۔پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی کے مرکزی وائس چیئرمین عاطف اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے افغانستان کیلئے ادویات کی مفت ترسیل شروع کردی ہے اور پی پی ایم اے نے ہفتہ کے روز کراچی سے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی ادویات اسلام آباد روانہ کردیں جہاں سے اگلے ہفتہ یہ ادویات افغان وفد کے ہمراہ افغانستان بھجوادی جائیں گی۔

(جاری ہے)

کراچی میں ساتھ زون کے چیئرمین نادر خان اور پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے رہنما غلام ہاشم نورانی کے ہمراہ عاطف اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی ادویہ ساز کمپنیاں اگلے ہفتے 10 کروڑ روپے مالیت کی ادویات افغانستان بھجوا رہی ہیں جبکہ آنے والے مہینوں میں مزید ادویات اور آلات افغانستان بھجوائے جائیں گے۔عاطف اقبال نے کہا کہ کراچی کے علاوہ لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور اور دیگر شہروں کی کمپنیاں بھی ادویات مرکزی ایسوسی ایشن کے حوالے کررہی ہیں، جبکہ کچھ مقامی اور غیرملکی کمپنیاں اپنے طور پر بھی ادویات افغانستان بھجوا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد نے پاکستانی کمپنیوں سے 170 ادویات اور آلات کی درخواست کی ہے اور پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کی جانب سے ان میں سے زیادہ تر ادویات اور آلات افغانستان کو عطیہ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے ادویات کے ساتھ ساتھ 400 وہیل چیئرز بھی بھجوا رہے ہیں، جو ادویات اور آلات کمپنیوں کے پاس موجود نہیں ہیں انہیں مقامی مارکیٹ سے خرید کر افغانستان بھجوایا جارہا ہے، کراچی سے ادویات بھجوانے والی اور عطیہ کرنے والی کمپنیوں میں ہائی کیو، فارم ایوو، آئی سی آئی، بوش فارما، سرل، میکسی ٹیک اور دیگر شامل ہیں، آنے والے چند دنوں میں کراچی سے مزید فارما کمپنیوں کی ادویات افغانستان براستہ اسلام آباد جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ادویات کے بحران اور انسانی المیے کو روکنا چاہتے ہیں، حکومت پاکستان پاک افغان بارڈر پر اسپتال بنانے بھی جارہی ہے جس کیلئے پاکستانی دوا ساز کمپنیاں بھرپور تعاون کریں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں