بلوچستان ؛ آواران میں لائٹ ویٹ طیارہ گر کر تباہ ‘ پائلٹ جاں بحق ہوگیا

پائلٹ قاضی اجمل اپنا جیروکاپٹر کراچی سے فلائی کرکے بلوچستان کی حدود میں داخل ہوئے اس دوران قاضی اجمل کا جہاز پہاڑ سے ٹکرا کر کریش ہو گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 دسمبر 2021 13:17

بلوچستان ؛ آواران میں لائٹ ویٹ طیارہ گر کر تباہ ‘ پائلٹ جاں بحق ہوگیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2021ء ) صوبہ بلوچستان کے علاقے آواران میں لائٹ ویٹ جہاز ’جیرو کاپٹر‘ گر کر تباہ ہونے سے جہاز کا انسٹرکٹر پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ، پائلٹ قاضی اجمل اپنا جیروکاپٹر کراچی سے فلائی کرکے بلوچستان کی حدود میں داخل ہوئے اس دوران قاضی اجمل کا جہاز پہاڑ سے ٹکرا کر کریش ہو گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف بلوچستان کے لئے کام کرنے والے پائلٹ قاضی اجمل اپنا جیروکاپٹر کراچی سے فلائی کرکے بلوچستان کی حدود میں داخل ہوئے لیکن کنڈ ملیر کے علاقے میں پرواز کرتے ہوئے لا پتہ ہوگئے ، اس دوران قاضی اجمل کا جہاز پہاڑ سے ٹکرا کر کریش ہو گیا ، طیارے کا ملبہ اور پائلٹ کی لاش مل گئی ۔

دوسری جانب کراچی سے اسلام آباد جانے والا نجی ائیرلائن کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا، کراچی سے اڑان بھرنے والا طیارہ 150 مسافروں کو لے کر اسلام آباد کیلئے روانہ ہوا۔

(جاری ہے)

طیارہ جب اسلام آباد پہنچنے کے بعد ائیرپورٹ پر لینڈنگ کر رہا تھا، عین اسی وقت طیارے سے پرندے ٹکرا گئے ، پرندے طیارے کے لینڈنگ گیئر سے ٹکرائے جس سے طیارے کو نقصان پہنچا، تاہم پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت لینڈ کروا لیا ، اس واقعے میں کسی بھی مسافر کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا جب کہ انجینئرز کی ٹیم نے طیارے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد طیارے کو کلیئر قرار دے کر کراچی کیلئے روانہ کر دیا ۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان کے مصروف ائیرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ، ماہرین کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹس کے اطراف میں آبادی والے علاقوں کے پھیلاو کی وجہ سے پرندے ائیرپورٹ کی حدود میں موجود رہتے ہیں اور پھر اسی باعث طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں