پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا ڈاکار، سینیگال کا دورہ اور فری میڈیکل کیمپ کا قیام

اتوار 5 دسمبر 2021 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے ڈاکار، سینیگال کا دورہ کیا اور جزبہ خیر سگالی کے طور پر فری میڈیکل کیمپ لگایا۔ بندر گاہ آمد پر سینیگال کی وزارت صحت کے حکام، نیول حکام اور پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔دورے کے دوران مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ سینیگال کے وزیر دفاع، سینیگال کے چیف آف نیول اسٹاف اور سینیگال کے چیف آف ایئر اسٹاف سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے سینیگال کے عوام بالخصوص سینیگال کی بحریہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

(جاری ہے)

جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت پاکستان نیوی کی جانب سے ڈاکار شہر میں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔

پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خصوصی ٹیم نے 2000 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ کے دوران COVID-19 ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے قیام کو مقامی لوگوں نے خوب سراہا۔دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے سینیگال بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق کا انعقاد کیا جس سے دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

موجودہ دورے کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات، بحری تعاون، انسانی ہمدردی اور میزبان بحریہ کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ پی این ایس عالمگیر کے دورہ سینیگال نے دونوں ممالک کو موجودہ قریبی اور خوشگوار سفارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں