لیاری یوسی 15وارڈ2میں غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیا جائے : پاسبان لیاری

ایس بی سی اے اور اے سی لیاری ،توجہ دلانے کے باوجود چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں ، تعمیرات کو روکا جائے کراچی پریس کلب پرپاسبان لیاری یوسی 14کے زیر اہتمام علامہ اقبال کالونی ،نورانی کالونی کے مکینوں کاتعمیرات کے خلاف مظاہرہ

اتوار 5 دسمبر 2021 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ،لیاری کے صدر اکرم آگریا اور پی ایس 108کے صدرو سابق جنرل کونسلر امجد بلوچ نے حکومت سندھ سے لیاری کے یوسی 15،بکرا پیڑی میں غیر قانونی تعمیرات اور کثیر المنزلہ تعمیرات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ایس بی سی اے اورعلاقہ اے سی کو نہ عوام کی جان و مال کی پروا ہ ہے اور نہ ہی مسائل کا اندازہ ہے۔

علاقے میں سیوریج اورصحت و صفائی کے مسائل کے ساتھ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے مسائل بھی موجود ہیں۔ کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیرات سے مسائل مزید بڑھ جائیں گے ۔ وہ علامہ اقبال کالونی ،نورانی کالونی کے مکینوں کے ہمراہ، پاسبان لیاری کے زیر اہتمام ،کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاسبان یوسی 15،نوالین کے رہنما اللہ دوست ،رشید پٹھان ،رمضان بلوچ ، ہدایت اللہ ، گل جان ،رحیم بلوچ ،ملا فیصل ،بلال و دیگر بھی موجود تھے ۔

اکرم آگریا نے کہا کہ یوسی 15کے وارڈ نمبر 2میں واقع نبیل گبول ہال کے عقب میں پلاٹ نمبر 844 پر 8منزلہ عمارات کی تعمیرات کی جارہی ہیں ۔جس جگہ تعمیرات کی جارہی ہیں، یہ جگہ ماضی میں بکرا پیڑی کا حصہ تھا جہاں پر زمین پر کافی گہرائی تک گوبر ہی گوبر ہے ۔ اس جگہ پر کثیر المنزلہ تعمیرات خطرناک ثابت ہوں گی ۔ امجد بلوچ نے کہا کہ رہائشی عمارتوں کے لئے صرف 2منزلہ تعمیرات کی اجازت ہے اور مذکورہ یوسی میں 8منزلہ تک تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ۔

اس ناجائز تعمیرات کے خلاف متعدد بار ایس بی سی اے اور اے سی لیاری کو تحریری طور پر توجہ بھی دلائی گئی۔ بار بار توجہ دلانے کے بعد ایس بی سی اے کی جانب سے اہلکار رسمی ہتھوڑا چلاکر چلاگیا جبکہ بلڈرز نے دوبارہ تعمیرات کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلڈرز کو علاقہ تھانہ پولیس کی بھی سرپرستی حاصل ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں