ہر محب وطن پاکستانی کو پیپلز پارٹی کے ظلم کے خلاف میدان عمل میں آنا ہوگا، مصطفی کمال

پیپلز پارٹی کے ظلم کیخلاف خاموش رہنے والے کو آنے والی نسلیں ظالم کا ساتھی کے طور پر یاد رکھیں گی،چیئرمین پی ایس پی

بدھ 8 دسمبر 2021 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ بلدیاتی نظام کے سیاہ قانون کے خلاف اعلان جہاد کرتے ہوئے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی کو پیپلز پارٹی کے ظلم کے خلاف میدان عمل میں آنا ہوگا، پیپلز پارٹی کے ظلم کیخلاف خاموش رہنے والے کو آنے والی نسلیں ظالم کا ساتھی کے طور پر یاد رکھیں گی۔

پیپلز پارٹی کراچی کو تھر اور لاڑکانہ میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ 14 سالوں میں پانی کا ایک اضافی قطرہ نہیں دیا۔ ہم نے پاکستان بھر کے مسائل کے حل کیلئے تین نکاتی حل پیش کیا ہے۔ پہلے اٹھارویں ترمیم میں ترمیم کر کے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کی طرز پر میئرز کے اختیارات اور ڈپارٹمنٹ بھی آئین میں درج کئے جائیں، این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء یقینی بنایا جائے نیز قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے مشروط کیا جائے۔

(جاری ہے)

ہم صرف ظلم کے خلاف آواز بلند نہیں کر رہے اس کا آئینی و قانونی حل پیش کر رہے ہیں جس سے کسی محب وطن پاکستانی کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کراچی ڈویڑن کے زمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کو آصف علی زرداری کی جاگیر بنانا چاہتی ہے جسے تمام سیاسی جماعتوں و محب وطن پاکستانیوں کے ساتھ مل کر ناکام بنائیں گے۔

یہ پاکستان کے خاف سازش ہے۔ ایسے قوانین مقبوضہ کشمیر میں بھارت اور مقبوضہ بر صغیر میں انگریزوں نے بھی نہیں بنائے تھے۔ موجودہ پیپلز پارٹی جمہوری دہشتگرد ہے جو عددی بنیاد پر تعصب میں اقلیتوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔ آصف زرداری اور بلاول زرداری کی پیپلز پارٹی 1973 کے ذوالفقار علی بھٹو کے پیش کردہ آئین کو نہیں مانتی جو بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات اور وسائل منتقل کرنے کا پابند کرتا ہے۔

پیپلز پارٹی کا مجوزہ بلدیاتی نظام آئین کے آرٹیکل 7، 8، 32 اور 140A کی صریح خلاف ورزی ہے اور جمہوری تاریخ پر بدنما داغ ہے۔ اگر یہ بل قانون بنا تو کراچی میں احساس محرومی کا طوفان برپا ہو جائے گا۔ ہم ریاست کے وفادار ہیں حکومت کے نہیں، ریاست ہماری ہے اور ہم اس کا دفاع کریں گے۔ پی ایس پی قوم کے ساتھ یہ ظلم نہیں ہونے دے گی۔ سید مصطفیٰ کمسل نے کارکنان کو عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں