سندھ میں کا نیا بلدیاتی نظام ایک بہترنظام ہے، ہم چاہیں گے کہ آنے والے دنوں میں بھی وفاق اورصوبے میں ہماری حکومت بنے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی شہر کی ترقی میں تسلسل کے حوالے سے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا،مشکلات میں کمی کے لیے پیپلزپارٹی کی کوششیں قوم کے سامنے ہیں عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے،ہم محنت اورپوری تیاری سے عوام کا مقدمہ لڑرہے ہیں،تاکہ حکومت کومجبورکرکے عوامی مشکلات میں کمی لائی جائے

جمعرات 9 دسمبر 2021 00:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں کا نیا بلدیاتی نظام ایک بہترنظام ہے،ہم چاہیں گے کہ آنے والے دنوں میں بھی وفاق اورصوبے میں ہماری حکومت بنے،کراچی شہر کی ترقی میں تسلسل کے حوالے سے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا،مشکلات میں کمی کے لیے پیپلزپارٹی کی کوششیں قوم کے سامنے ہیں،عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے،ہم محنت اورپوری تیاری سے عوام کا مقدمہ لڑرہے ہیں،تاکہ حکومت کومجبورکرکے عوامی مشکلات میں کمی لائی جائے۔

وہ وزیراعلی ہائوس میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کررہے تھے۔اس موقع پروزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،وزیراطلاعات سندھ سعید غنی اورپیپلزپارٹی کے دیگررہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ ضمنی انتخاب ہوں یاپارلیمانی سطح تک کی سیاست ہم اپنا کردارادا کررہے ہیں،میں کراچی میں پیداہوا،چاہتے ہیں کہ کراچی کے لئے بہت کچھ کریں،ہم چاہیں گے کہ آنے والے دنوں میں بھی وفاق اورصوبے میں ہماری حکومت بنے،ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو تکلیف میں ریلیف دیں،ہم سندھ کے لیے اپنا حق مانگتے ہیں،وفاق سے مطالبہ ہے کہ ہمیں پوراشیئردیا جائے تاکہ ہم کراچی کواس کاحق دے سکیں،اس وقت وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسی چل رہی ہے، ہمیں وفاق سے اپنا حصہ چھیننا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق کی گیس پالیسی پر مزاحمت کرتے ہیں، ہمارے صوبے کا حق مارا جا رہا ہے اور آپ وہاں سے گیس چھین رہے ہیں جہاں سے گیس پیدا ہو رہی ہے،وفاقی حکومت کو فوری طور پر اس پالیسی کو واپس لینا ہوگا جبکہ جو وزیر اس معاملے پر بیانات دے رہے ہیں ان سے فوری استعفی لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں جونیا بلدیاتی نظام لایا جارہا ہے وہ ایک بہترنظام ہے،ہم واحد صوبائی حکومت ہیں جنہوں نے بلدیاتی اداروں کومدت مکمل کرنے دی ہے،ہمارابلدیاتی نظام بہترہے،ہم پراپرٹی ٹیکس سمیت اہم اختیارات بلدیاتی اداروں کودے رہیہیں،کراچی سے صرف ایک ارب پراپرٹی ٹیکس جمع ہوتا ہے،بلدیاتی اداروں کویہ نظام دے رہے ہیں،اب محکمہ تعلیم محکمہ صحت سالڈ ویسٹ سمیت دیگرادارے بلدیاتی اداروں کے ماتحت ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے انتہائی قلیل مدت میں دیرپا مسائل کا فوری حل ایک اچھی ابتدا ہے، کراچی شہر کی ترقی میں تسلسل کے حوالے سے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ امید ہے کہ کراچی کے عوام مستقبل میں بھی ہمیں اپنا اعتماد دیں گے جب تک ملک آئی ایم ایف کی معاشی پالیسیوں پرچلے گا عوام مشکلات کاشکارہونگے،تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کی معاشی سمت درست کر سکتی ہے،10دسمبر کوپیپلزپارٹی کارکنان مہنگائی کے خلاف ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے کریں گے،17 دسمبر کوبھی ملک گیرمظاہرے ہونگے،عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے معاشی بدحالی کو ایڈٹ کرکے معاشی ترقی بنادینے سے پاکستان کے عوام کی قسمت نہیں بدلے گی۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ عمران خان کے اسٹیٹس کو کو توڑا جائے،معاشی مسائل سے ناواقف عمران خان نے اقتدار تو ہتھیالیا مگر انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے،نصف صدی کے تجربے کی حامل پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے، جو ملک کی معاشی سمت کو درست کرسکتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں