اومی کرون سے متاثرہ خاتون کراچی کے علاقہ ضلع شرقی کی رہائشی ہے

خاتون نے ویکسی نیشن نہیں کروائی تھی۔ محکمہ صحت سندھ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 دسمبر 2021 11:15

اومی کرون سے متاثرہ خاتون کراچی کے علاقہ ضلع شرقی کی رہائشی ہے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) : پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا، اومی کرون کی تشخیص ایک خاتون میں ہوئی جو کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم بعد ازاں خاتون کے دونوں بھائیوں میں بھی وائرس کی تشخیص کا انکشاف ہوا ، تاہم خاتون کے دونوں بھائی تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ خاتون کو دو روز قبل ہی اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

اومی کرون سے متاثرہ خاتون سے متعلق محکمہ صحت نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اومی کرون سے متاثرہ خاتون ضلع شرقی کی رہائشی ہیں جنہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ خاتون کی عمر 65 سال ہے اور انہوں نے ویکسی نیشن نہیں کرائی تھی جب کہ متاثرہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری سامنے نہیں آئی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اومی کرون کے شبے میں خاتون سمیت 4 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور ان چاروں افراد کو نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

چار میں سے 2 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق چاروں میں سے 2 افراد کو گھر بھیج دیا اور 2 مریض اسپتال میں زیرعلاج ہیں جب کہ ان چار افراد میں سے صرف ایک شخص نے کورونا کی ویکسینیشن کروائی ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا ہے۔

کراچی کے نجی اسپتال نے خاتون میں اومی کرون کی تصدیق کردی جبکہ خاتون کے دو بھائیوں میں بھی اومی کرون کی تشخیص ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون بیرون ملک سے آئی ہیں اور کورونا پازیٹو ہے۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کا نیا ویرئینٹ اومی کرون دنیا کے درجنوں ممالک میں پھیل چکا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور اسے کورونا وائرس کی سب سے زیادہ خطرناک قسم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم صرف 15 سیکنڈ میں منتقل ہو جاتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں