انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا

جس میں سال2021 کیلئے ایسوسی ایشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں شامل ہونے والے نئے عہدیداروں کا اعلان کیا گیا

Mehwish Zaffar مہوش ظفر جمعرات 9 دسمبر 2021 12:42

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا
برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2021ء) انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سال2021 کیلئے ایسوسی ایشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں شامل ہونے والے نئے عہدیداروں کا اعلان کیا گیا اور ایسوسی ایشن کو مزید منظم اور فعال بنانے کیلئے دنیا بھر میں ریجن، زون اور ملکی سطح پر تنظیمی ڈھانچے تشکیل دینے پر  اتفاق ہوا.

(جاری ہے)


آن لائن اجلاس سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے صدر شاہد چوہان نے کہا کہ ہم نے دنیا بھر میں موجود ورکنگ جرنلسٹس کو جمع کیا اور انہیں منظم بنانے کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جہاں وہ ایک دوسرے سے روشناس ہونے کے علاوہ تجربات کا تبادلہ بھی کر سکتے ہیں اور درپیش مسائل کو بھی اجاگر کر سکتے ہیں.

آئی اے پی جے نے پاکستان کے نامور سینئر صحافیوں کو مدعو کرکے چند ترتیبی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا ہے جبکہ اہم شخصیات کو دعوت دیکر ملکی اور غیر ملکی صورتحال پر اہم سمینار بھی منعقد کیے ہیں جسے اوورسیز پاکستانی صحافیوں کی طرف سے بے حد سراہا گیا ہے. ہم سمجھتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانی صحافی اپنے مثبت کردار سے پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں پل کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں جن کے کردار کو حکومتی سطح پر نا صرف سراہا جانا چاہئیے بلکہ ان کو سہولیات سے بھی آراستہ کرنا چاہئیے.


انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر خرم شہزاد اور جنرل سیکریٹری مہوش ظفر کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن میں شامل پاکستانی صحافی کہنہ مشق اور محنتی ہیں جو سال ہا سال سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں.
آن لائن اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے کو اردو ترجمے کے ساتھ پیش کرنے پر انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی وائس چیئرپرسن سعدیہ عباسی کو زمہ داران کی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا.

انہوں نے یہ اہم کارنامہ انجام دیکر پاکستان کا نام روشن کیا ہے
اس حوالے سے سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی متحدہ عرب امارات سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس محبت کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اماراتی قومی ترانے کو اردو ترجمے کے ساتھ پیش کرنے کا خیال آیا جسے حکومت پاکستان کی طرف سے نا صرف سراہا گیا بلکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسکو عملی طور پر متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقعہ پر انکی حکومت کو تحفے کے طور پر پیش کیا.
اجلاس میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی   سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے چند  عہدیداران کا اعلان بھی کیا گیا جس میں انگلینڈ سے وسیم چوہدری چیرمین اور امارات سے سعدیہ عباسی وائس چیئرپرسن کے فرائض انجام دیں گی اسکے علاوہ سپین سے کرن خان اور انگلینڈ سے عرفان فراز نائب صدور ہونگے جبکہ روس سے شاہد گھمن جوائنٹ سیکرٹری اور سعودی عرب سے ذکاءاللہ محسن انفارمیشن سیکرٹری کے طور پر کام کریں گے.
اجلاس میں آئرلینڈ سے فنانس سیکرٹری وسیم بٹ، سعودیہ سے شاہین جاوید و دیگر نے شرکت کی.

تمام عہدیداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے کردار کو مزید موثر بنانے اور دنیا بھر میں پاکستانی صحافی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور ان کو حقوق دلانے کی جدوجہد میں اپنا عملی کردار ادا کرتے رہیں گے.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں