کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کے وار جاری ، سندھ حکومت کے وزرا سمیت کئی اہم شخصیات بھی لپیٹ میں آگئیں

صوبائی وزیر جام خان شورو، اعجاز جاکھرانی، صغیر قریشی،ڈپٹی کمشنرحیدرآبادکرونا میں مبتلاہوگئے ،گھروں میں قرنطینہ کرلیا

پیر 17 جنوری 2022 14:18

کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کے وار جاری ، سندھ حکومت کے وزرا سمیت کئی اہم شخصیات بھی لپیٹ میں آگئیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کے وار تیزی سے جاری ہے، سندھ حکومت کے وزرا سمیت کئی اہم شخصیات بھی لپیٹ میں آگئیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جام خان شورو کرونا میں مبتلاہوگئے ہیں جبکہ وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی صغیر قریشی کی بھی کرونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔حیدرآباد کے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کی بھی کرونا رپورٹ مثبت آگئی ہے، کرونا وائرس کی رپورٹ آنے پر صوبائی وزیر، معاون خصوصی اور ڈی سی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

ڈی ایچ او حیدر آباد کے مطابق شہر میں کرونا کے مثبت آنے کی شرح 10 فیصد ہوگئی ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 128 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔دوسری جانب مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی نے کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں، سکھر میں اثاثہ جات سے متعلق ہونے والی سماعت کے موقع پر ان کے وکیل نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے موکل کی کرونا وائرس رپورٹ مثبت آئی ہے، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، جس پر عدالت نے کارروائی ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

کراچی میں کرونا وائرس کیسز کی بلند ترین یومیہ شرح ریکارڈ کی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 30.83 فیصد رہی۔اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں حیدر آباد میں کرونا کیسز کی شرح 10.68 فیصدریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں