بے نظیر بھٹو کوئزرننگ ٹرافی سعودآباد گرلز کالج نے جیت لی

دخترِ مشرق جرات، تدبر اور عزم کی بے نظیر مثال تھیں، ڈاکٹر حافظ عبدالباری اندر

منگل 18 جنوری 2022 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) دختر مشرق جرات ،تدبر اور عزم کی بے نظیر مثال تھیں۔ انہیں ایک ذہین، برجستہ گو ، پرکشش، باصلاحیت، حوصلہ مند، بہادر اور زیرک خاتون سیاسی رہنما کے طور پر تادیر یاد رکھا جائے گا۔ PQSکے تحت کوئز مقابلے تعلیمی اداروں میں منعقد کرکے حافظ نسیم الدین بہت بڑا کام کر رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں مسلسل شریک ہونے والے طلباء و طالبات کی معلومات میں اضافہ سے نہ صرف ان کی ذہنی سطح بلند ہوتی ہے بلکہ مستقبل میں ہر سطح پر کامیابیوں کے دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار ریجنل ڈائریکٹر کالجزکراچی پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالباری اندر نے گذشتہ روز پاکستان کوئز سوسائٹی PQSرجسٹرڈ کے زیر اہتمام "بے نظیر بھٹو کوئز رننگ ٹرافی"کے لیے منعقدہ بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ معلومات کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر PQSرجسٹرڈ کے بانی چیئرمین حافظ نسیم الدین، گورنمنٹ کالج برائے خواتین سعود آباد کی پرنسپل پروفیسر ماجدہ ترین، پروفیسر زاہد احمد، ممتاز فاطمہ، عنبرین لیاقت، ڈاکٹر نور فاطمہ اور منصفین کرام ، محترمہ طاہرہ بانو، رخسانہ فیروز اور سائرہ خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نظامت کے فرائض فرزین خان نے انجام دیئے۔ حافظ نسیم الدین نے کہا کہ PQSرجسٹرڈ گذشتہ 19سال سے کسی صلہ و ستائش کی تمنا سے بے نیاز نسل نو کی مسلسل رہنمائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اگر ہمیں سرکاری سطح پر یا مخیر افراد و اداروں کی جانب سے معاونت میسر آجائے تو ہم یہ سلسلہ شہر سے نکل کر صوبہ بلکہ ملک بھر میں بھی پھیلا سکتے ہیں۔ انہوں نے اسلامی دنیا کی پہلی کم عمر ترین خاتون وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح کی عظیم و مقبول رہنما تھیں جنہوں نے عوام کے سروں پر نہیں دلوں پر حکمرانی کی ہے اور آئرن لیڈی آف ایشیا کا لقب پانے والی بے نظیر بھٹو آج بھی لوگوں کے قلوب میں حیات ہیں۔

پروفیسر ماجدہ ترین نے کہا کہ متحرمہ بے نظیر بھٹو نے تمام زندگی بحالی جمہوریت کے لیے جدو جہد کی۔ سیاسی و ذاتی مخالفتیں اور جلاوطنی کی تکالیف اٹھائیں اور اسی جہدِ مسلسل میں اپنی جان کی قربانی پیش کرکے امر ہوگئیں۔ منصفین کرام کے متفقہ فیصلے کے مطابق گورنمنٹ کالج برائے خواتین سعود آباد، بی بی آصفہ گرلز کالج لانڈھی ، گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج اور گورنمنٹ گرلز کالج سی ون ایریا ملیر کی ٹیموں نے بالترتیب اول، دوم، سوم اور خصوصی پوزیشنز حاصل کیں۔ بے نظیر بھٹو کوئز رننگ ٹرافی ایک سال کے لیے سعود آباد گرلز کالج کے حصہ میں آئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں