کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد سے تجاوز کر گئی

بدھ 19 جنوری 2022 13:30

کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد سے تجاوز کر گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد سے تجاوز کر گئی۔وفاقی وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق شہرِ قائد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40 اعشاریہ 13 فیصد ہو گئی۔کراچی میں گزشتہ روز 7 ہزار 232 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 2 ہزار 902 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے 7 شہروں میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 14 فیصد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 فیصد ہو گئی۔دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 472 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 8 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 628 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 48 فیصد پر آ گئی۔پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 37 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہو چکی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں