نسلہ ٹاور کیس میں گرفتاری کا ڈر‘ بلڈرز نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی

عدالت نے بلڈرز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے 10 ، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 جنوری 2022 15:39

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) کراچی میں واقع نسلہ ٹاور کیس میں گرفتاری کے ڈر سے بلڈرز نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نسلہ ٹاور کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے بلڈرز نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی ، جس کے لیے بلڈرز کی جانب سے عدالت سے رجوع کیا گیا جہاں عدالت نے بلڈرز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 10 ، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ نسلہ ٹاور ذمہ داران کے خلاف ایکشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اینٹی کرپشن کراچی ایسٹ زون نے ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ، اینٹی کرپشن نے ڈپٹی ڈائریکٹر کے ڈی اے عاطف کو بھی حراست میں لے لیا ، دونوں افسران کو کرپشن کے کیسز پر گرفتار کیا گیا ، دونوں گرفتار افسران کو نسلہ ٹاور کیس میں ابھی شامل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کے خلاف کرپشن سے متعلق شکایتیں موصول ہوئی تھیں ، ملزمان معطل تھے لیکن اس کے باوجود گلستان جوہر بلاک 2، 16 اور کورنگی میں زمینوں کے غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہونے کے علاوہ وہ آصف علی میمن کے غیر قانونی احکامات پر عملدرآمد کر رہے تھے، ایک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زبیر بھی مقدمے میں نامزد ہے تاہم وہ فرار ہوگئے ، دونوں افسران سے کرپشن کے الزامات سے متعلق تفتیش کی جائے گی، افسران کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ۔

یاد رہے کہ عدالتی احکامات پر نسلہ ٹاور کے معاملے کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران، سندھی کو آپریٹو مسلم سوسائٹی کے ذمے داران اور دیگر متعلقہ اداروں کو نامزد کیا گیاجب کہ اس سے قبل نسلہ ٹاور کی تعمیر کے اہم کردار افسران کے خلاف فیروز آباد تھانے میں مقدمہ کے اندراج کے بعد ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے پولیس کی اعلٰی سطحی پانچ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں