گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سری لنکا کے تجارتی اور کاروباری وفد کی ملاقات

ہفتہ 22 جنوری 2022 23:18

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سری لنکا کے تجارتی اور کاروباری وفد کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2022ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سری لنکا کے تجارتی اور کاروباری وفد نے وزیر تجارت سری لنکا ڈاکٹر بندولا گنا وردانہ کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ سری لنکا کے ریاستی وزیر برائے علاقائی تعاون، تھراکا بالاسوریا؛ کراچی میں سری لنکا کے قونصل جنرل جگتھ ابی ورنا؛ سری لنکا کی وزارت خارجہ میں اقتصادی امور کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ساج یو مینڈس؛ سری لنکا اسٹیٹ ٹریڈنگ کوآپریشن کے چیئرمین یوگیندر پریرا، ڈائریکٹر آف کامرس جی ایل گناتھیوا اور پاکستانی ہائی کمیشن میں کمرشل قونصلر اسماء کمال بھی وفد میں شامل تھیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندری امور محمود مولوی اور معروف کاروباری شخصت طارق خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے پاکستان کی تاجر برادری کے ساتھ خاص طور پر فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، زراعت اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تعاون اور اشتراک کی راہیں تلاش کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔

گورنر سندھ نے تجارتی وفود کے تبادلے کو دونوں اطراف کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بہتر بنانے کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے امکانات کو تلاش کرنے کے لیے حکومتوں اور نجی شعبوں کی سطح پر مزید بات چیت پر بھی زور دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر مزید رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت اور بڑی گنجائش موجود ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف شعبوں بشمول تعلیم، صحت، سیاحت، کھیل وغیرہ میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام کے روابط کو بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں