گورنر سندھ نے گرین لائن بس پر پتھرائو کا نوٹس لے لیا

کامیاب منصوبہ کو شرپسند عناصر نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جو کہ انتہائی تشویش ناک عمل ہے، عمران اسماعیل

اتوار 23 جنوری 2022 00:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گرین لائن بس پر پتھرائو کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لائن بس پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کو طویل عرصہ کے انتظار کے بعد پر آسائش اور آرام دہ سروس مہیا کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن بس سروس فراہم کی گئی تھی، اس کامیاب منصوبہ کو شرپسند عناصر نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جو کہ انتہائی تشویش ناک عمل ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ایس آئی ڈی سی ایل نے باقاعدہ پولیس کو کمپلین بھی کی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ گرین لائن بس پر پتھرا ئوکی انکوائری ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو مانیٹر کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گرین لائن بس پر حملہ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔ گورنر سندھ نے ڈی جی رینجرز سندھ سے فون پر رابطہ کیا اور وقوعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رینجرز اہلکاروں کو گرین لائن کے روٹ پر گشت کے لیئے بھی کہا ہے تاکہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں