کراچی ؛ ڈاکو ایک ہی واردات میں 30 سے زائد افراد سے موبائل فون چھین کر فرار

3 موٹرسائیکلوں پر سوار5 سے 6 ڈاکو چائے کے ہوٹل میں بیٹھے شہریوں سے نقدی اور قیمتی سامان بھی لوٹ لیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 جنوری 2022 12:03

کراچی ؛ ڈاکو ایک ہی واردات میں 30 سے زائد افراد سے موبائل فون چھین کر فرار
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2022ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈاکو ایک ہی واردات میں 30 سے زائد افراد سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ واردات شہر قائد کے ضلع وسطی میں ہوئی جہاں کریم آباد میں چائے کے ڈاکوؤں نے ہوٹل میں بیٹھے 30 سے زائد افراد سے ان کے موبائل فون چھین لیے ، 3 موٹرسائیکلوں پر سوار5 سے 6 ڈاکو شہریوں سے نقدی اور قیمتی سامان بھی لوٹنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ادھر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ڈاکو گھر سے 3 کروڑ 40 لاکھ کی واردات کرکے فرار ہوگئے ، ڈکیتی کی واردات لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں پیش آئی ، جہاں شہری کے گھر سے نامعلوم ملزمان نے 3 کروڑ 40 لاکھ مالیت کی اشیاء لوٹ لیں ، جس کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے ، واقعے کے حوالے سے اہل خانہ نے بتایا کہ نامعلوم افراد برقع پہن کر رات گئے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنانے کے بعد ڈاکو ایک کروڑ روپے نقدی اور1 کروڑ 96 لاکھ کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، زیورات میں میں 4 ہیرے کی انگوٹھیاں اور قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حال ہی میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں ڈکیتی مزاحمت پر لیڈی ڈاکٹر کو قتل کر دیا گیا تھا ، لیڈی ڈاکٹر خولہ کے قتل کا افسوسناک واقعہ ڈیفنس فیز ون میں پیش آیا ، 25 سالہ لیڈی ڈاکٹر خولہ احمد اپنی سہیلی رجا سے ملنے اس کے گھر گئی تھی، گھر کی دہلیز پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر واردات کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے خولہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں