ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے سب سے زیادہ کالجز کے ساتھ ساتھ ریکارڈ پرائمری اسکول قائم کیئے،بلاول بھٹوزرداری

تعلیم ان کی پارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، کیونکہ یہ پارٹی اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ مستقبل ہمارے بچوں اور نوجوانوں کا ہے، اور تعلیم کے بغیر روشن مستقبل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا، چیئرمین پیپلزپارٹی کا تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے پیغام

اتوار 23 جنوری 2022 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے سب سے زیادہ تعداد میں اعلی تعلیمی ادارے اور کالجز بنانے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ پرائمری اسکول خواہ غیر رسمی اسکول بھی قائم کیئے ہیں۔ تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم ان کی پارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، کیونکہ یہ پارٹی اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ مستقبل ہمارے بچوں اور نوجوانوں کا ہے، اور تعلیم کے بغیر روشن مستقبل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ہر حکومتی دور میں تعلیم کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور ملکی تاریخ میں ریکارڈ تعداد میں یونیورسٹیاں اور دیگر ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ اور ٹیکنیکل تعلیم بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ملکی بجٹ میں تعلیم کا حصہ بڑھانا ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت میں تعلیم کی بجٹ کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد تک کم کردیا گیا ہے، جو انتھائی افسوسناک صورتحال ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی بننے والی حکومت تعلیمی بجٹ میں نمایاں اضافہ کرے گی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ تعلیم کو فروغ دینے کے معاملے پر مصلحت کا شکار ہوکر یونیورسٹیوں اور ان سے منسلک اداروں کے بجٹ میں ناقابل برداشت کٹوتی کرنا قوم کو بہت بڑا نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا رویہ ان حالات میں انتہائی عوام دشمن ہے، جب ایک طرف 5 سے 16 سال کی عمر کے تقریبا 25 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں، تو دوسری طرف ملک میں غریب اور مراعات یافتہ طبقے کے بچوں میں معیاری تعلیم تک رسائی میں بہت بڑا تفاوت موجود ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے کہ ہمیں روایتی نصاب اور تدریسی طریق کار سے آگے بڑھ کر ایک ایسے تعلیمی نظام کی طرف بڑھںا ہو گا، جو بچوں میں تخلیقی و تنقیدی نظر سے مسائل دیکھنے، انہیں حل کرنے اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے۔

چیئرمین پی پی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا آئںدہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پی پی پی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آئین کے عین مطابق، ریاست تمام بچوں کو معیاری تعلیم تک یکساں رسائی فراہم کرنے کی اپنی ذمیداری نبھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی کی عوامی حکومت تعلیم کی بجٹ میں ابتدائی طور جی ڈی پی کے تناسب سے 3 فیصد اضافہ کرے گی اور زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیاں، کالجز و دیگر ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کرنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں