کراچی؛ پسند کی شادی کے جھگڑے پر لڑکی کے باپ نے دانتوں سے لڑکے کے والد کی انگلی کاٹ ڈالی

لڑکی کے والد نے مدعی کے بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی کو دانتوں سے اس قدر شدت سے کاٹا کہ انگلی کٹ کر ہاتھ سے ہی الگ ہوگئی‘ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 جنوری 2022 15:34

کراچی؛ پسند کی شادی کے جھگڑے پر لڑکی کے باپ نے دانتوں سے لڑکے کے والد کی انگلی کاٹ ڈالی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2022ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پسند کی شادی پر ہونے والے جھگڑے کے دوران لڑکی کے باپ نے دانتوں سے لڑکے کے والد کی انگلی کاٹ ڈالی ۔ جیو نیوز کے مطابق یہ واقعہ کراچی غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا ، جہاں پسند کی شادی کی وجہ سے ہونے والے جھگڑے میں لڑکی کے باپ نے دانتوں سے لڑکے کے والد کے ہاتھ کی انگلی ہی کاٹ دی ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا ۔

اس ضمن میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ سہائی عزیز نے بتایا کہ واقعہ پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 گلشنِ ضیاء میں پیش آیا جہاں ایک محنت کش محمد حسین نے تھانے میں ایف آئی آر نمبر 82/22 زیرِدفعہ 334، 354، 34 درج کرائی ہے ، جس میں مدعی نے بتایا کہ ان کے محلے کی ایک لڑکی نبیلہ مدعی کے بیٹے محمد سلمان کی کلاس فیلو ہے جو اسے پسند کرتی ہے اور اس سے شادی کرنا چاہتی ہے ، اس سلسلے میں نبیلہ گزشتہ روز ان کے گھر پر آئی اور ان کی اہلیہ سے بات چیت کی اور ان کے بیٹے سے شادی کرانے کی ضد کرنے لگی تاہم لڑکی کو سمجھایا کہ ہمارا بیٹا ابھی کوئی کام کاج نہیں کرتا اس لیے ابھی اس کی شادی نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کی موجودگی کے دوران ہی اس کا والد ندیم اور چچا علیم بھی وہاں پہنچ گئے ، جنہوں نے ان کے گھر میں گھس کر مدعی کی اہلیہ عارفہ اور بیٹے سلمان کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا ، دونوں بھائی مدعی کی اہلیہ عارفہ کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے بھی رہے ، جس سے عارفہ کے کپڑے پھٹ گئے اور وہ برہنہ ہو گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ جھگڑے کے دوران جب مدعی نے اہلیہ اور بیٹے کو چھڑانے کی کوشش کی تو ندیم نے اس کے بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی دانتوں سے کاٹ ڈالی ، ملزم نے اس قدر شدت سے کاٹا کہ انگلی کٹ کر ہاتھ سے ہی الگ ہوگئی ، جس کے بعد زخمی حسین کو عباسی شہید ہسپتال میں طبی امداد دی گئی اور میڈیکو لیگل رپورٹ کی روشنی میں پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ندیم اور علیم کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں