گھر کی بالکونی سے دیکھنے والے شہری نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی

شہر قائد میں شہری نے ڈاکوؤں پر بالکونی میں رکھے گملوں کی بارش کرکے ٹھیلے والے کو لٹنے سے بچالیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 26 جنوری 2022 15:46

گھر کی بالکونی سے دیکھنے والے شہری نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2022ء ) شہر قائد میں شہری نے ڈاکوؤں پر بالکونی میں رکھے گملوں کی بارش کرکے ٹھیلے والے کو لٹنے سے بچالیا۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈاکوؤں نے عام شہریوں اور فوڈ سپلائی کرنے والے رائیڈروں کے بعد اب ریڑھی بانوں کو بھی لوٹنا شروع کر دیا ہے۔بفرزون کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی ریڑھی بان کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے کہ گھر کی بالکونی سے واردات دیکھنے والے شہری کی جانب سے بہادری کا مظاہرہ کیا گیا اور شہری نے ڈاکوؤں پر بالکونی میں رکھے گملوں کی بارش کر دی۔

ایک کے بعد دوسرا گملا گرا تو ڈاکو ریڑھی بان کو لوٹے بغیر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔خیال رہے کہ کراچی میں ڈکیتی اور قتل کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔کراچی جرائم کا جنگل بن چکا ہے، ایک مہینے میں ڈاکوئوں نے تین نوجوانوں کی جان لے لی مگر انتظامیہ پر کوئی اثر ہوا اورنہ ہی پولیس ایکشن لینے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

شاہ رخ ، بلال کئے بعد سیف الرحمان ڈاکوئوں کی گولی کا نشانہ بن گیا، پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں 16 جنوری کی شب دکان میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان زخمی ہوا تھا لیکن پیرکی صبح زخمی22سالہ سیف الرحمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دکان میں ڈکیتی واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار2 ملزمان کودکان میں داخل ہوتے ہیں ۔فوٹیج کے مطابق مسلح ملزمان دکان میں 6افراد کو یرغمال بنانے کے بعد لوٹ مار کرتے ہیں لوٹ مار کے دوران مسلح ملزمان دکان میں موجود افراد کو پتھر بھی مارتے ہیں، اس دوران سیف الرحمن مزاحمت کرتا اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے۔جس کے بعد مسلح ملزمان فائرنگ کر کے نوجوان سیف الرحمن کو زخمی کرکے فرار ہو جاتے ہیں، مسلح ملزمان نے شناخت چھپانے کیلئے کیپ اور چہرے پر ماسک پہنے ہوئے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں