پیپلز پارٹی کسی بھی احتجاج کے خلاف کبھی نہیں رہی ہے، وزیر اعلی ہائوس کے باہر جو کچھ ہوا اس کی مکمل ذمہ دار ایم کیو ایم خود ہے، سعیدغنی

ہم پی ایس ایل کے میچز کے لئے سی ایم ہائوس کے اطراف ہوٹلز میں موجود کھلاڑیوں کی سیکورٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے ،ہم کسی احتجاج اور دھرنے کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیتے، جس کا واضح ثبوت جماعت اسلامی کو سندھ اسمبلی کے باہر 26 روز سے جاری دھرنا ہے،میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 جنوری 2022 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی احتجاج کے خلاف کبھی نہیں رہی ہے۔ وزیر اعلی ہائوس کے باہر جو کچھ ہوا اس کی مکمل ذمہ دار ایم کیو ایم خود ہے۔ ہم کسی احتجاج اور دھرنے کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیتے، جس کا واضح ثبوت جماعت اسلامی کو سندھ اسمبلی کے باہر 26 روز سے جاری دھرنا ہے۔

ہم پی ایس ایل کے میچز کے لئے سی ایم ہائوس کے اطراف ہوٹلز میں موجود کھلاڑیوں کی سیکورٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے شارع فیصل پر روڈ بلاک کیا اس پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم نے انتظامیہ کو باقاعدہ طور پر شارع فیصل سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی کا آگاہ کیا تھا لیکن اچانک ریلی کے شرکا نے اپنا روٹ تبدیل کرکے وزیر اعلی ہائوس کا کر لیا۔

سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلی ہائوس کی جانب جانے سے ریلی کے شرکا کو روک کر بتایا گیا کہ چونکہ پی ایس ایل کے میچز کل سے ہونا ہے اور تمام کھلاڑی بشمول انٹرنیشنل کھلاڑی سی ایم ہائوس کے اطراف ہوٹلوں میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی سی ایم ہائوس کے باہر نہ صرف احتجاج ہوتے رہے ہیں بلکہ دھرنے بھی ہوئے ہیں لیکن ہم بے کبھی نہیں روکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی جماعت اسلامی کو سندھ اسمبلی کے باہر 26 روز سے جاری دھرنا جاری ہے اور ریڈ زون ہونے کے باوجود ہم نے کسی قسم کی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی صورتحال اس سے قطعی مختلف تھی کیونکہ میچز کے لئے انٹرنیشنل کھلاڑی یہاں موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ انتظامیہ نے ایم کیو ایم کے قائدین کو سمجھایا کہ وہ صورتحال کی سنجیدگی کو سمجھتے ہوئے سی ایم ہائوس جانے سے گریز کریں۔

تاہم ریلی کے شرکا جبری طور پر رکاوٹیں توڑ کر نہ صرف سی ایم ہائوس پہنچیں بلکہ انہوں نے مستقل دھرنے کا اعلان کردیا۔ سعید غنی نے کہا کہ اس صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک ناپسندیدہ اقدام کرنا پڑا۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے احتجاج پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن صورتحال کی سنگینی کا ایم کیو ایم والوں نے کوئی خیال نہیں رکھا اگر ایم کیو ایم والے اپنے مقررہ روٹ پر ہوتے اور پریس کلب پر چلے جاتے تو شاید یہ صورتحال نہ ہوتی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں