وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کے درمیان رابطہ

ٹنڈوالہیار واقعہ پر انکوائری کرانے اور ملوث افراد کے خلاف ایکشن لینے پر اتفاق

جمعرات 27 جنوری 2022 14:17

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کے درمیان رابطہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اورایم کیو ایم کے رہنماسید امین الحق کے درمیان ٹیلیفونک رابطے ہوا،جس میں وزیراعلی سندھ نے گزشتہ روز وزیراعلی ہائوس کے باہرہونے والے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں بلکہ سیاسی اختلافات کا حل بات چیت اور سیاسی طریقے سے حل ہونے چاہئیں۔

دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں مذکورہ واقعہ کو لسانیت کا رنگ نہ دینے پر اتفاق ہوا اوراس حوالے سے بیانات کی مذمت کی گئی جبکہ واقعہ میں کسی بھی جاں بحق ہونے سے متعلق پوسٹ مارٹم کرانے پر مشاورت ہوئی تاکہ موت کا جو بھی سبب ہو انکو سامنے لایا جاسکے۔ ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے ٹنڈوالہیار واقعہ سے متعلق حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں کے درمیان آئندہ اس قسم کے صورتحال پیدا نہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے ایم کیو ایم رہنما کو یقینی دہانی کرائی کہ ٹنڈوالہیار واقعہ کی انکوائری کروائی جائے گی جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلی سندھ نے امین الحق کو نئے بلدیاتی قانون پر بات چیت کرنے کی پیشکش کی جس پر امین الحق نے کہاکہ پارٹی سے مشاورت کے بعد ہی وہ جواب دیں سکیں گے۔گفتگو کے دوران وزیراعلی سندھ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے متحدہ کے ایم پی اے صداقت حسین سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے انکی خیریت دریافت کی اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ اس قسم کے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں جبکہ وزیراعلی سندھ نے صداقت حسین کو کہا کہ گزشتہ روز ہی انھوں نے پولیس کو انھیں چھوڑنے کی ہدایات دے دی تھیں۔

کراچی شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments