کراچی دھماکہ، پولیس وین سمیت کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکل تباہ

ایک خاتون جاں بحق، پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل، کراچی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

muhammad ali محمد علی پیر 16 مئی 2022 21:59

کراچی دھماکہ، پولیس وین سمیت کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکل تباہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2022ء) کراچی دھماکہ، پولیس وین سمیت کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکل تباہ، ایک خاتون جاں بحق، پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل، کراچی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی چند ہی روز میں ایک مرتبہ پھر دھماکے سے لرز گیا۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیر کی رات کو شہر قائد کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع میمن مسجد کے قریب دھماکہ ہوا جس سے کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز کی جانب سے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا، امدادی کاروائیاں جاری ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ میمن مسجد کے عقب میں واقع اقبال کلاتھ مارکیٹ میں دھماکہ ہوا جس کے بعد آگ لگ گئی، یہ ایک مصروف ترین علاقہ ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں جائے وقوعہ کے قریب کھڑی پولیس وین سمیت کئی موٹرسائیکل اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں، جبکہ آخری اطلاعات تک ایک خاتون جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت کل 12 افراد زخمی ہوئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، زخمیوں کو فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل ہی کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں بھی دھماکہ ہوا ہے۔ اس سے قبل کراچی یونیورسٹی میں ایک خود کش دھماکہ ہوا تھا جس میں چینی شہریوں سمیت متعدد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں