کراچی،قصبہ کالونی میں باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا

پیر 16 مئی 2022 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) کراچی کے علاقے قصبہ کالونی کٹی پہاڑی کے قریب گھر کے اندر فائرنگ سے نوجوان لڑکی ہلاک جب کہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے قصبہ کالونی کٹی پہاڑی کے قریب گھر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک لڑکی ہلاک اور لڑکے کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی جب کہ زخمی نوجوان کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا۔

واقعے سے متعلق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ ڈاکٹر فرخ رضا نے بتایا کہ پیر آباد تھانے کی حدود میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت 18 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی ہے جسے اس کے والد اسلم نے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ سے زخمی نوجوان کی شناخت 18 سالہ عمیر کے نام سے کی گئی جسے عباسی سے سول اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

اعلی پولیس افسر نے بتایا کہ اسپتال میں کسی بھی غیرمعمولی واقعے سے نمٹنے کیلیے پولیس کی نفری تعینات کردی ہے۔ڈاکٹر فرخ رضا نے بتایاکہ واقعے کے وقت زخمی نوجوان عمیر لڑکی کے گھر آیا ہوا تھا، اس دوران لڑکی کا باپ بھی گھر پہنچ گیا اور دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس ملزم باپ کی تلاش کیلیے چھاپے مار رہی ہے جب کہ ملزم کو موبائل فون لوکیشن کے ذریعے بھی ٹریس کرنے کوشش کی جارہی ہے، جلد ہی ملزم پولیس کی گرفت ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں