نوپارکنگ سے موٹرسائیکل اٹھانا ٹریفک اہلکار اور لفٹنگ عملے کو مہنگا پڑگیا

پیر 16 مئی 2022 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) ریگل چوک کے قریب نوپارکنگ سے موٹرسائیکل لفٹ کرنے پر مشتعل افراد نے ٹریفک پولیس اہلکار اور لفٹنگ عملے کی درگت بنادی۔پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار اور لفٹنگ عملے کی عوام کے ہاتھوں پٹائی کا واقعہ ریگل چوک کے قریب پیش آیا، جس کا مقدمہ ٹریفک پولیس اہلکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

لفٹنگ عملے نے پریڈی تھانے کی حدود میں موٹرسائیکل کو نوپارکنگ سے لفٹ کیا اور لے جانے لگے جس پر کچھ افراد نے لفٹنگ عملے سے جھگڑا کیا، بعدازاں لفٹنگ عملے اور ٹریفک پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔مشتعل افراد کے تشدد سے لفٹنگ عملے کا ایک ملازم زخمی ہوگیا جب کہ ٹریفک پولیس اہلکار کو چوٹیں آئیں، جس کا مقدمہ پریڈی پولیس نے ٹریفک اہلکار اختر حسین کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 424 سال 2022 درج کرلیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مدعی مقدمہ کانسٹیبل اختر حسین نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کا لفٹنگ عملہ نوپارکنگ ایریا سے ایک موٹر سائیکل لفٹ کر کے لایا تھا جس کی وصولی کے لیے آنے والے شخص اور دیگر افراد نے لفٹنگ کے ملازم اور مجھے مغلظات دیں اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔تشدد کے باعث لفٹنگ عملے کا ایک ملازم زخمی ہوگیا اور مار پیٹ کرنے والے افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

انھوں ںے بتایا کہ نامعلوم شخص اپنی موٹر سائیکل بغیر جرمانہ دیئے لیجانے کی کوشش کر رہا تھا اور جب اسے منع کیا گیا تو وہ مشتعل ہوگیا اور مار پٹائی شروع کر دی تاہم جس شخص کی موٹر سائیکل تھی وہ موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس مفرور شخص کی موٹر سائیکل کو قبضے میں لے لیا ہے جب کہ 6 سے زائد نامعلوم صورت شناس ملزمان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔اس حوالے سے انویسٹی گیشن پولیس موٹر سائیکل کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں