کراچی دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے مالک کا پتہ چل گیا

موٹر سائیکل کا سراغ تباہ شدہ چیسسز کے حصے جوڑ کر لگایا گیا ‘ موٹر سائیکل کے مالک کی تلاش میں گلستان جوہر میں چھاپا مارا گیا تو معلوم ہوا شیخ پرویز رحمان کا 6 ماہ قبل انتقال ہو چکا ہے ۔ پولیس

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 مئی 2022 11:55

کراچی دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے مالک کا پتہ چل گیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئے دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے مالک کا پتہ چل گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کا سراغ تباہ شدہ چیسسز کے حصے جوڑ کر لگایا گیا تاہم دھماکے کے بعد جب موٹر سائیکل کے مالک کی تلاش میں گلستان جوہر میں چھاپا مارا گیا تو معلوم ہوا کہ شیخ پرویز رحمان کا 6 ماہ قبل انتقال ہو چکا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ پرویز رحمان کے انتقال کے بعد موٹر سائیکل ملازم صابر کو دی گئی تھی تاہم جب پولیس نے صابر کی گرفتاری کے لیے قریبی گوٹھ میں چھاپا مارا تو وہ چھاپے سے قبل ہی فرار ہو گیا اور اس کا فون نمبر بھی بند ہے اور صابر کی تلاش تاحال جاری ہے۔ خیال رہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی چند ہی روز میں ایک مرتبہ پھر دھماکے سے لرز گیا، پیر کی رات کو شہر قائد کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع میمن مسجد کے قریب دھماکہ ہوا جس سے کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں ، دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہو گئے ، پولیس اور رینجرز کی جانب سے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا، امدادی کاروائیاں شروع کرکے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا کہ میمن مسجد کے عقب میں واقع اقبال کلاتھ مارکیٹ میں دھماکہ ہوا جس کے بعد آگ لگ گئی، یہ ایک مصروف ترین علاقہ ہے جہاں دھماکے کے نتیجے میں جائے وقوعہ کے قریب کھڑی پولیس وین سمیت کئی موٹرسائیکل اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں، دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت کل 12 افراد زخمی ہوئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ، زخمیوں کو فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں