حکومت ڈالر کے پر کاٹنے میں ناکام ‘ انٹربینک میں بھی ڈبل سینچری

امریکی کرنسی انٹربینک میں کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی 1 روپیہ 61 پیسے مہنگی ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 مئی 2022 10:29

حکومت ڈالر کے پر کاٹنے میں ناکام ‘ انٹربینک میں بھی ڈبل سینچری
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 مئی 2022ء ) حکومت ڈالر کے پر کاٹنے میں مسلسل ناکام دکھائی دے رہی ہے ‘ جس کی وجہ سے امریکی کرنسی کی اونچی پرواز جاری ہے اور آج اس نے انٹربینک میں بھی ڈبل سینچری مکمل کرلی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی 1 روپیہ 61 پیسے مہنگی ہوگئی اور 200 روپے 20 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ڈالر کی قیمت انٹربینک میں بھی 200 روپے سے اوپر چلی گئی کیوں کہ ڈالر انٹر بینک میں مسلسل گیارہویں روز مہنگا ہوا ہے اور نئی حکومت میں اب تک 17روپے سے زائد مہنگا ہوچکا ہے ۔

گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے ڈبل سینچری کی تھی ، امریکی کرنسی کی بڑھتی ہوئی قیمت کے حوالے سے ماہر معاشیات اور سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈالر کی قیمت 180 سے نیچے ہونی چاہئیے تھی لیکن ملک میں عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھی ، فیصلہ سازی نہ ہونے سے زرِ مبادلہ جا رہا ہے مگر ملک میں نہیں آ رہا اور ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان کے چیف اکانومسٹ ڈاکٹر زبیر خان عہدے سے مستعفی ہو گئے ، پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی طرف سے سرکاری اعداد و شمار میں ہیر پھیر کو ڈاکٹر زبیر خان کے مستعفی ہونے کی وجہ قرار دے دیا ، اس حوالے سے پی ٹی ائی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے اشتہاروں کی طرح سرکاری اعدار و شمار میں بھی جھوٹ بولنے کی کوشش کی ، اس کے نتیجے میں پاکستان کے جیف اکانامسٹ ڈاکٹر زبیر خان نے اپنے منصب سے استعفی دے دیا ۔

دوسری طرف گزشتہ دور حکومت میں امریکی کرنسی ڈالر کا ریٹ بڑھنے پر تنقید کرنے والے اس وقت نئی نئی توجیہات پیش کرتے نظر آرہے ہیں ، ایسا ہی ایک ٹویٹ اینکرپرسن غریدہ فاروقی کا بھی سامنے آیا ، جس میں خاتون صحافی نے لکھا کہ اوور سیز پاکستانی تو وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت سے بہت خوش ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ ووٹ کا حق ملے یا نہ ملے ڈالر کے بدلے نوٹ تو مل رہے ہیں ۔ غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ اسی لیے سمندر پار پاکستانیوں نے شہباز شریف کے دور حکومت کے ایک ماہ میں عمران خان دور سے بھی زیادہ اور تاریخی زرِمبادلہ پاکستان بھیجا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں