دعا زہرا کہاں ہیں آئی جی سندھ کو اہم ٹاسک مل گیا

سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار

جمعرات 19 مئی 2022 19:01

دعا زہرا کہاں ہیں آئی جی سندھ کو اہم ٹاسک مل گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2022ء) دعا زہرا کہاں ہیں آئی جی سندھ کو اہم ٹاسک مل گیا۔سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو دعازہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دعازہرا کی کم عمری میں شادی اور مبینہ اغوا کے کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے سخت برہمی کااظہار کیا۔

جسٹس محمداقبال کلہوڑو نے وکیل سے مکالمے میں کہا کیا ریاست اتنی کمزور ہے کہ ملک میں موجود ایک لڑکی کوکراچی نہیں لاسکتی، پولیس پریس کانفرنس کررہی ہے لیکن عملی اقدامات نہیں۔عدالت نے کہا کہ پولیس افسران وردی کامان نہیں کررہے، ایسے افراد بھرتی کریں جووردی کی عزت رکھیں، بچی ویڈیو بنا رہی ہے، پریس کانفرنس کررہی ہے لیکن پولیس کونہیں مل رہی۔

(جاری ہے)

جسٹس محمداقبال کلہوڑو نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا بچی کہاں ہی جس پر تفتیشی افسرنے بتایا کہ مذکورہ پتہ پربچی نہیں ملی تو جسٹس محمداقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کچھ نہ کچھ تو گڑبڑ ہے۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ایس ایس پی ہیومین ٹریفیکنگ کانفرنس میں اسلام آبادگئے ہیں، دعا زہرا کی گرفتاری نہیں ہوئی، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ گرفتاری نہیں ہم نے بچی کوصرف بلایاہے، ایس ایس پی کانفرنس اٹینڈ کر رہا ہے، عدالت کا حکم اہم نہیں انسانی اسمگلنگ رک نہیں رہی اورکانفرنس ہو رہی ہیں۔

تفتیشی افسر نے کہا ہمیں وقت دیدیاجائے، جس پر جسٹس محمداقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ پولیس صرف پریس کانفرنس اوردعوے کررہی ہے، ایک بچی نہیں مل رہی، ویڈیوآرہی ہیں، کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی ہے، اے جی صاحب ہمیں بچی چاہیے، یہ آپس میں گیم کھیل رہے ہیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر دعا زہرا کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے سماعت 24 مئی کے لیے ملتوی کردی۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں