پی آئی اے کی فضائی میزبان قیمتی موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث

پی آئی اے ویجلنس معاملے کی مکمل تحقیقات کررہی ہے، تحقیقات مکمل ہوتے ہی مذکورہ فضائی میزبانوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ترجمان پی آئی اے

منگل 24 مئی 2022 16:35

پی آئی اے کی فضائی میزبان قیمتی موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز میں تعینات تین فضائی میزبانوں کے مبینہ طور پر قیمتی موبائلوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ پی آئی اے کی فضائی میزبان شازیہ تبسم، حنا ثانی اورعلی احمد پر قیمتی موبائل اورمہنگے ترین پرفیوم سمیت دیگر قیمتی اشیا لانے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق تینوں فضائی میزبان لاہور ایئرپورٹ پہنچتے ہی اپنا دستی سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے، کسٹمز کو یہ بیگ پڑے ہوئے ملے تھے۔کسٹمز اہلکاروں نے بیگ کی تلاشی لی تو اس میں سے آئی فون موبائل، پرفیوم اور دیگر ممنوعہ قیمتی اشیا برآمد ہوئیں۔ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز نے مزید کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو اس میں پی آئی اے کے تین فضائی میزبانوں کی شناخت سامنے آئی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پی آئی اے انتظامیہ سے شکایت کرنے پر پی آئی اے کی ویجلنس ٹیم نے واقعہ کا سختی نوٹس لے لیا، ذرائع کے مطابق تین فضائی میزبان اور بیس منیجر کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا گیاہے۔ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان پی آئی اے نے کہاکہ پی آئی اے ویجلنس معاملے کی مکمل تحقیقات کررہی ہے، تحقیقات مکمل ہوتے ہی مذکورہ فضائی میزبانوں کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں