آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ٹاک شو کمیٹی کے زیر اہتمام جرمنی میں مقیم پاکستانی نژاد شاعر رضی حیدر گیلانی کی کتاب ”کالے نہنک“ کی تقریب پذیرائی

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 25 مئی 2022 11:28

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ٹاک شو کمیٹی کے زیر اہتمام جرمنی میں مقیم پاکستانی نژاد شاعر رضی حیدر گیلانی کی کتاب ”کالے نہنک“ کی تقریب پذیرائی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2022ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ٹاک شو کمیٹی کے زیر اہتمام جرمنی میں مقیم پاکستانی نژاد شاعر رضی حیدر گیلانی کی کتاب ”کالے نہنک“ کی تقریب پذیرائی گل رنگ ہال میں منعقد کی گئی جس کی صدارت فراست رضوی نے کی ڈاکٹر عالیہ امام، رضی حیدر گیلانی، ڈاکٹر سلمان ثروت،شکیل خان،انجم چاندنہ نے اظہارِ خیال کیا جبکہ نظامت کے فرائض عباس ممتاز نے انجام دیے۔

اس موقع پر فراست رضوی نے خطبہ¿ صدارت میں کہاکہ سرمایہ دارانہ نظام تخلیق کا دشمن ہے ،رضی حیدر کی کتاب میں علم کا خزانہ ہے، جنگوں سے پیدا ہونے والے مسائل ان کی نظموں میں موجود ہیں، انہوں نے جس سچ کو اپنی کتاب میں لکھا ہے ہم اس سے دور بھاگتے ہیں، ان کی نظموں کا اسلوب بہت طاقتور ہے، یہ ایک بڑے شاعر ہیں ان کی نظمیں پڑھ کر میں حیران ہوا کہ آج کے دور میں بھی ایسے شاعر ہیں جو ایسے موضوعات کا انتخاب کرسکتے ہیں، میں ان کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عالیہ امام نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رضی حیدر گیلانی کا ہمارے درمیان ہونا محبت کی ایک مثال ہے، رضی حیدر ایک پختہ نظر شاعر ہیں، آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ شاعر و ادیب کو ملانے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں، ڈاکٹر سلمان ثروت نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ان کی نظمیں پڑھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ان کی نظمیں بند مختلف ہیں، ان کی کتاب مارٹن ہیڈیگر کی یاد دلاتی ہے، ٹاک شو کمیٹی کے چیئرمین شکیل خان نے کہاکہ آرٹس کونسل میں اصل رنگ بھرنے والے آپ لوگ ہیں اور اس کو کتابوں، پینٹنگ، میوزک اور آرٹ کے شعبہ جات میں آپ کا کردار قابل تحسین ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی ہدایت پر آپ کے ساتھ تعاون ہمیشہ جاری رہے گا، صاحب کتاب رضی حیدر گیلانی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ تمام لوگوں کا مشکور جنہوں نے میری اتنی عزت افزائی کی اور میرا حوصلہ بلند کیا، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی فنونِ لطیفہ کے لیے جو کام کررہا ہے وہ قابلِ تعریف ہے، آخر میں انہوںنے اپنی نظمیں پڑھ کر حاضرین کے گوش گزار کیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں