ایم کیو ایم سے معاہدے کے باوجود پیپلزپارٹی کا میئر کراچی بنانے کا دعویٰ

کراچی کا اگلا میئر پیپلز پارٹی کا ہوگا ‘ سندھ حکومت کام نہ کررہی ہوتی تو الیکشن میں نتائج سامنے نہ آتے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 جون 2022 16:41

ایم کیو ایم سے معاہدے کے باوجود پیپلزپارٹی کا میئر کراچی بنانے کا دعویٰ
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جون 2022ء ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے معاہدے کے باوجود پیپلزپارٹی نے میئر کراچی اپنی جماعت سے بنانے کا دعویٰ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور صوبائی وزیر سعید غنی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا اگلا میئر پیپلز پارٹی کا ہوگا کیوں کہ کراچی میں دیگر جماعتوں کے ووٹ گر رہے ہیں اور پیپلزپارٹی کے ووٹ بڑھ رہے ہیں ، کراچی میں بے شمار ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ، سندھ حکومت کام نہیں کررہی ہوتی تو الیکشن میں نتائج سامنے نہیں آتے۔

دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے دعوی کیا ہے کہ کراچی میں مئیرایم کیوایم کا ہی ہوگا، آنے والے دنوں میں حالات سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی میئر کو یہ اجازت بھی نہیں ہوگی کہ تنظیم سے ہٹ کر ایک دستخط بھی کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقوق کا تعین ہوچکا ہے، حقوق کے حصول کی فیصلہ کن جدوجہد جاری ہے، جس نے تنظیم کے طورپر کام نہیں کیا اسے دوبارہ تربیت کیلئے طلب کیا جائے گا ، ایم کیو ایم پر غیر اعلانیہ پابندی کے باوجود تنظیم کامیابی کی منازل طے کر رہی ہے ، تمام ادارے اور لوگ جانتے ہیں کہ اس شہر کی نمائندہ جماعت کون سی ہے ، ہمارا ایک دوسرے سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، آپ نے اپنا حوصلہ قائم نہ رکھا تو کچھ بہتر نہیں ہوگا۔

ادھر گزشتہ روز سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ، غیر سرکاری وغیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی نے میونسپل کمیٹی کی 161 نشستیں جیت لی ہیں جب کہ 16 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ اعداد و شمار کے تحت جی ڈی اے کو 14 نشستیں ملی ہیں جب کہ پی ٹی آئی کو 6 اور جے یو آئی (ف) کو پانچ نشستوں پر کامیابی ملی ، ٹاؤن کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی 305 نشستوں کے ساتھ دیگر جماعتوں کے مقابلے میں بہت آگے ہے جب کہ جی ڈی اے کے 49 امیدوار اور 38 آزاد امیدوار کام یاب قرار پائے ، پی ٹی آئی کے 8، جے یو آئی (ف) کے 6 اور دیگر جماعتوں کے 7 امیدواران کام یاب ہوئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں