5 بھارتی طیارے یکے بعد دیگرے پاکستان میں لینڈنگ کر چکے

ایک طیارے کے بارے میں بتایا گیا کہ ہنگامی لینڈنگ ہوئی، باقی 4 طیارے یکے بعد دیگرے یہاں کیوں آئے؟ وہ کون سے 12 افراد ہیں جو یہاں سے گئے؟ ایم این اے سائرہ بانو نے حکومت سے وضاحت مانگ لی

muhammad ali محمد علی منگل 16 اگست 2022 00:23

5 بھارتی طیارے یکے بعد دیگرے پاکستان میں لینڈنگ کر چکے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2022ء) ایم این اے سائرہ بانو نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ کیوں یکے بعد دیگرے بھارت کے طیارے پاکستان لینڈ ہوئے؟۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت جی ڈی اے کی ایم این اے سائرہ بانو نے پاکستان میں بھارتی طیاروں کی لینڈنگ کے حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں۔ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ 5 بھارتی طیارے یکے بعد دیگرے پاکستان میں لینڈنگ کر چکے، ایک طیارے کے بارے میں بتایا گیا کہ ہنگامی لینڈنگ ہوئی، باقی 4 طیارے یکے بعد دیگرے یہاں کیوں آئے؟ آج جو طیارہ آیا اس میں وہ کون سے 12 افراد ہیں جو یہاں سے گئے؟۔

خاتون ایم این اے نے حکومت سے تمام معاملے کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ کراچی میں بھارت سے آنے والے خصوصی طیارے میں پاکستانی مسافروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اڑان بھر کر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے والے طیارے میں 10 پاکستانی اور 2 امریکی شہری سوار تھے، طیارہ کراچی میں لینڈنگ کے بعد دبئی کیلئے روانہ ہو گیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت سے آنے والے خصوصی طیارے کی کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ ہوئی۔ جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق خصوصی طیارہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے کراچی پہنچا ،حیدرآباد دکن سے آنے والا طیارہ 12 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوا۔ذرائع ائیرپورٹ کے مطابق طیارے نے دوپہر 12.10 بجے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان سول ایوی ایشن کا مزید کہنا ہے یہ بین الاقوامی چارٹر پرواز تھی۔

بھارت سے آمد کے سوا اس کا بھارت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اس سے قبل بھی دہلی سے دبئی جانے والے بھارتی طیارے نے کراچی ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔ طیارے میں 100 سے زائد مسافرسوار تھےبھارتی طیارے بوئنگ 737 میں فنی خرابی ہوئی جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔کپتان نے کراچی ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔اجازت ملنے پر طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا تھا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان میں بھارت سے آنے والے 4 طیاروں کی لینڈنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں