متاثرہ علاقوں کے قرب وجوار کی مساجد ومدارس کو متاثرین کے لیے کھول دیں اور متاثرین کی رہائش اور خدمت کا بندو بست کریں، قاری محمدحنیف جالندھری

جمعرات 18 اگست 2022 21:30

اسلام آباد/کراچی/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2022ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے سیلاب کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں اہل مدارس و مساجد کو متاثرین سیلاب کی خدمت اور تعاون کی طرف متوجہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں کے قرب وجوار کی مساجد ومدارس کو متاثرین کے لیے کھول دیں اور جہاں تک ممکن ہو متاثرین کی رہائش اور خدمت کا بندو بست کریں۔

مولانا جالندھری نے کہا کہ کء علاقوں سے سیلاب کی وجہ سے بہت سی پریشان کن اطلاعات آ رہی ہیں اہل مدارس و مساجد اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امدادی سرگرمیوں پر توجہ دیں اور انصار مدینہ کی یاد تازہ کریں۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان،تونسہ،راجن پور اور سندھ کے دیگر علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطباء کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ جمعہ کے اجتماعات میں لوگوں کو متاثرین سیلاب کی خدمت اور تعاون کی ترغیب دیں۔

مولانا جالندھری نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرین سیلاب کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے متاثرین کے لیے خصوصی دعا کی کہ اللہ ربّ العزت متاثرین سیلاب کے تمام نقصانات کا ازالہ فرما کر انہیں نعم البدل عطا فرمائیں اور خطرے والے علاقوں کے مکینوں کے جان مال کی حفاظت فرمائیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں