شرجیل میمن 6 سال بعد ای سی ایل سے نام نکلتے ہی بیرون ملک چلے گئے

سندھ کے وزیراطلاعات کے علاوہ پی پی رہنما و سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین بھی ای سی ایل سے نام نکالے جانے کے بعد بیرون ملک روانہ ہوئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 مارچ 2023 10:51

شرجیل میمن 6 سال بعد ای سی ایل سے نام نکلتے ہی بیرون ملک چلے گئے
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مارچ 2023ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے دو اہم رہنما شرجیل میمن اور ڈاکٹرعاصم حسین بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالے جانے کے بعد بیرون ملک روانہ ہوگئے، شرجیل میمن 6 سال بعد ای سی ایل سے نام نکلنے پر پہلی بار بیرون ملک گئے کیوں کہ محکمہ اطلاعات میں کرپشن ریفرنس کے باعث 2017ء سے بیرون ملک نہیں گئے تھے، تاہم عدالت سے اجازت ملنے کے بعد شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا جس کے ساتھ ہی شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم حسین غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی روانہ ہوگئے۔

ادھر شرجیل میمن سمیت 104 نیب ریفرنس فعال عدالتوں میں منتقل کردیے گئے، سندھ ہائی کورٹ نے 104 نیب ریفرنس خالی عدالتوں سے فعال عدالتوں میں منتقل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ احتساب عدالت نمبر ایک سے 15 ریفرنسز کورٹ نمبر 6 کو منتقل کردئیے گئے ہیں، ان ریفرنسز میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کیخلاف دائر ریفرنسز شامل ہیں، احتساب عدالت نمبر 3 سے 7 ریفرنسز عدالت نمبر 6 کو منتقل کیے گئے، احتساب عدالت نمبر 3 سے 19 ریفرنسز عدالت نمبر 7 کلفٹن منتقل کردئیے گئے، اسپیکر سندھ اسمبلی، پی ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال کیخلاف ریفرنسز بھی احتساب عدالت نمبر 7 کو منتقل کردئیے گئے، احتساب عدالت نمبر ایک سکھر سے 57 ریفرنسز عدالت نمبر 3 کو منتقل کیئے جاتے ہیں۔

تحریری حکم نامے کے مطابق عدالتی ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ احتساب عدالتوں کے منتظم جج نے بھی خالی عدالتوں سے ریفرنس منتقلی کا کہا تھا، احتساب عدالتوں کے منتظم جج نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو اس حوالے سے آگاہ کیا تھا، تاکہ جو احتساب عدالتیں خالی ہیں ان میں سے زیر سماعت ریفرنسز منتقل کئے جائیں جن عدالتوں میں ججز موجود ہیں، ریفرنسز کی منتقلی کے حوالے سے نیب پراسکیوٹر نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں