کراچی ائیرپورٹ دھماکہ، خودکش بمبار شاہ فہد کی سہولت کاری میں ملوث خاتون سمیت دو افراد گرفتار

تفتیشی حکام نے ملیر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران خودکش بمبار کے قریبی عزیز کو حراست میں لیا، حملہ آور شاہ فہد نے حملے سے قبل گرفتار شخص کے گھر میں قیام کیا تھا، تفتیشی ذرائع

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 اکتوبر 2024 10:43

کراچی ائیرپورٹ دھماکہ، خودکش بمبار شاہ فہد کی سہولت کاری میں ملوث خاتون سمیت دو افراد گرفتار
 کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10اکتوبر 2024) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سگنل کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی تفتیش میںپیش رفت، پولیس نے خودکش بمبار شاہ فہد کی سہولت کاری میں ملوث خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی حکام نے ملیر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران خودکش بمبار شاہ فہد کے قریبی عزیز کو حراست میں لیا ہے جو کہ خودکش بمبار کا مبینہ سہولت کار بتایا جا رہا ہے جس کی نشاندہی پر ایک خاتون کو بھی گرفتار کر لیاگیا۔

حملہ آور شاہ فہد نے حملے سے قبل گرفتار شخص کے گھر میں قیام کیا تھا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی میں خاتون بھی ملوث ہے۔ خاتون سمیت دو افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفتیش کے دوران دہشت گرد کے بیک اپ پر موجود ایک اور گاڑی کا بھی انکشاف ہوا جبکہ بیک اپ پر موجود گاڑی سے بنائی گئی ویڈیو بھی تفتیشی اداروں کو مل گئی جس میں حملہ آور کی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے۔

دھماکے میں استعمال کی گئی گاڑی کی ویڈیو حملے سے قبل بنائی گئی تھی جبکہ مبینہ ساتھی نے صدر میں قائم ہوٹل میں خودکش حملہ آور سے ہوٹل میں ملاقات بھی کی تھی۔دریں اثناءکراچی میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔حملے سمیت متعدد پہلوو¿ں پر تفتیش جاری ہے۔حملہ آوروں کے ساتھ رابطے میں رہنے والے افراد کی جانچ پڑتال بھی کی جاری ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق دھماکے میں چینی باشندوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حملے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی تھی۔ دھماکے کا مقصد پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب کرنا ہے۔حملہ آوروں کی گاڑی شہر میں کہاں کہاں گئی تفتیشی اداروں نے روٹ میپنگ شروع کردی۔ شہر کے مختلف علاقوں سے سی سی ٹی وی فوٹیجز جمع کی جارہی ہیں۔یاد رہے کہ سات اکتوبر کوکراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 3 غیر ملکی جاں بحق جبکہ 17 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

جبکہ واقعہ میں تین گاڑیاں اور چار موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئی تھیں۔ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی تھی۔ اطراف میں رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیاتھا۔ ائیرپورٹ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خاتون، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل تھے۔

تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی تھی۔ قافلہ قریب پہنچتے ہی دہشت گرد نے کار غیرملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا دی گئی تھی۔ خودکش حملہ آور قافلے کے نکلنے کا انتظار کررہاتھا۔ کار میں ممکنہ طور پر بارود تھا جس سے گاڑی مکمل تباہ ہوگئی تھی۔ کار کی نمبر پلیٹ، چیسس نمبر حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جائے وقوعہ کے قریب جھاڑیوں سے ایک دھڑ ملا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا دھڑ ممکنہ طور پر خودکش بمبار کا ہوسکتا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کر دیں تھیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں