سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری، دو روز میں نرخ 3 لاکھ 6 ہزار روپے سے بھی بڑھ گئے

دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4700 روپے کا اضافہ ہوا، 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار30 روپے بڑھ گئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 فروری 2025 18:53

سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری، دو روز میں نرخ 3 لاکھ 6 ہزار روپے سے بھی بڑھ گئے
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 14 فروری 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4700 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار30 روپے کا اضافہ ہوا۔ جبکہ آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 6 ہزار200 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی پھر بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 886 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

نئی قیمت 2 لاکھ 62 ہزار517 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی جبکہ تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر معمولی سستا ہو گیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ، 100 انڈیکس 859 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 13 ہزار 423 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز بھی پہلے سیشن میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر انڈیکس منفی زون میں چلا گیا۔ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 19 ارب 16 کروڑ 27 لاکھ 38 ہزار 583 روپے مالیت کے 28 کروڑ 92 لاکھ 87 ہزار 556 شیئرز کا لین دین ہوا۔ 
مزید برآں وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ملک میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 0.98 فیصد کی سطح پر آگئی اسی طرح ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.04 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 13 اشیا مہنگی، 15 سستی جب کہ 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں