ترقیاتی کاموں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، شارع فیصل کی ازسرنو تعمیر جون 2017 ء تک مکمل کر لی جائے گی، صوبائی وزیر بلدیات

جمعہ 24 فروری 2017 12:03

ترقیاتی کاموں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، شارع فیصل کی ازسرنو تعمیر جون 2017 ء تک مکمل کر لی جائے گی، صوبائی وزیر بلدیات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، شارع فیصل کی ازسرنو تعمیر کا کام جون 2017 ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو شارع فیصل پر جاری ترقیاتی کام کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی کراچی کے عوام کو لیاری ایکسپریس وے کی طرز پر ملیر ایکسپریس وے کا تحفہ دیں گے اور سب میرین چورنگی، راشد منہاس روڈ، ناتھا خان سمیت متعدد مقامات پر انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں پر دن رات کام جاری ہے اور اس کی مکمل مانیٹرنگ میں خود کر رہا ہوں اورکراچی کا اصل رنگ شہریوں کو آئندہ 6 ماہ میں نظر آنا شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی پارٹی قیادت کی ہدایات پر کراچی میں جلد نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے دو اضلاع میں چین کی کمپنی کے ذریعے صفائی کا کام آئندہ چند روز میں شروع کردیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں