نجی سرمایہ کاری کے لیے امن کا قیام اور توانائی کے مسئلے پر قابو پانا ناگزیر ہے، گورنر سندھ

آمدہ وفاقی بجٹ میں سندھ کو زیادہ وسائل دیے جائیں گے، ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام مشااورتی اجلاس سے خطاب

بدھ 22 مارچ 2017 23:34

نجی سرمایہ کاری کے لیے امن کا قیام اور توانائی کے مسئلے پر قابو پانا ناگزیر ہے، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے امن کا قیام اور تونائی کے مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور خصوصاً کراچی پر بھی یہی بات صادق آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کی رفتار کو تیز تر کرنے کے لیے مذکورہ دو اقدامات کے ساتھ ساتھ بڑئے پیمانے پر معاشی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک بڑا پڑھا لکھا متوسط طبقہ اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے آمادہ نجی شعبہ موجود ہے جس کا بھر پور فائدہ اٹھا یا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی ) کے زیر اہتمام اعلیٰ سطحی قبل از بجٹ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کو آمدہ وفاقی بجٹ میں زیادہ وسائل مہیا کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک صحت مندانہ ٹیکس کلچر کے فروغ کی خواہاں ہے جس کے لیے سب سے تجاویز لی جا رہی ہیں جبکہ اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی کا کردار قابل تعریف ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع کو مالیاتی وسائل دئے جانے کی اشد ضرورت ہے۔ا نہوں نے کہا کہ صوبائی مالیاتی کمیشن اس وقت غیر فعال ہیں جنہیں زیادہ متحرک کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام کو غریب دوست بنانے پر توجہ دی جائے۔ سندھ ریونیو بورڈ کے مشیر مشتاق کاظمی نے کہا کہ ملک میں ٹیکسوں کے نظام کو بتدریج اس طریقے سے وضع کیا جائے کہ زیادہ آمدنی پر زیادہ ٹیکس اور کم آمدنی والوں پر کم بوجھ آئے۔ ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ مالیاتی اصلاحات میں کاروباری برادری اہم کردار کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا وفاقی اور صوبائی اداروں میں موثر روابط کے فقدان کی وجہ سے کاروباری براری کو مختلف مسائل درپیش ہیں۔ مشاورتی اجلاس سے سینٹر فار انٹرنیشنل پرائیویٹ انٹرپرائز کے کنٹری ڈائریکٹر حماد صدیقی ، سند ھ کے سابق وزیر خزانہ اسد علی شاہ ، شعیب فریدی، جہاں آراء اور ڈاکٹر وقار نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ ٹیکسوں کے نظام میں موثر اصلاحات قومی معیشت کی ترقی کے لیے نا گزیر ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں